برطانیہ میں مہنگائی کی شرح یورپی ممالک سے بڑھ گئی، لیبر کا حکومت پر بدانتظامی کا الزام
لندن ،جولائی۔ برطانیہ میں مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی اور پٹرول اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کے سبب مہنگائی گزشتہ 40برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔برطانیہ میں مہنگائی کی شرح یورپی ممالک سے بڑھ گئی۔ تازہ ترین سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جون میں ختم ہونے والے سال میں مہنگائی کی شرح 9.4جبکہ مئی میں یہ شرح 9.1تھی۔ جون میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 18.1پنس اضافہ ہوا جبکہ دودھ، پنیر اور انڈوں کی قیمتیں بھی بڑھیں۔ یہ ہی وجہ ہیکہ مختلف یونینز ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ فیول کی قیمتوں میں حالیہ چند ماہ میں روس یوکرین جنگ کے سبب اضافہ ہوا ہے جس کی ایک وجہ یہ بھی ہیکہ یورپی یونین نے روسی تیل پر انحصار کم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ آر ایسی کے مطابق اب ایک اوسط کار کا پٹرول ٹینک کو فل بھرنے پر ایک سو پائونڈ سے زائد اخراجات آرہیہیں۔ اے اے کے مطابق فیول کی ہول سیل قیمتوں کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں لیکن اب بھی پٹرول کی قیمت یوکرین جنگ سے پہلے کی نسبت زائد ہے۔جون میں پٹرول کی فی لیٹر اوسط قیمت 184 فی لیٹر تک جا پہنچی تھی جبکہ ایک برس قبل یہ 129.7فی لیٹر تھی۔ریسرچ فرم کنٹر کی پیشگوئی کے مطابق رواں برس سپر مارکیٹ کی بلز میں 454پائونڈ کا اضافہ ہوگا۔ اپریل میں فیول بلز کی مد میں پہلے ہی 700 پائونڈ کا اضافہ کیا جا چکا ہے جبکہ اکتوبر میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ تاہم بنک آف انگلینڈ نے یہ انتباہ بھی جاری کر رکھا ہے کہ آنے والے مہینوں میں مہنگائی کی شرح 11فیصد تک جائے گی، بنک کے گورنر نییہ اشارہ بھی دیا ہے کہ آئندہ ماہ شرح سود میں 0.5 فیصد اضافہ کرکے اسے 1.75کی شرح پر لایا جا سکتا ہے مہنگائی کا مسئلہ صرف برطانیہ میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں درپیش ہے۔ تاہم برطانیہ میں یہ شرح یورپی ممالک کی نسبت زائد ہے۔ جرمنی میں اس وقت مہنگائی کی شرح 8.2 اورفرانس میں6.5فیصد ہے۔ چانسلر ندیم صخاوی نے کہا ہے کہ حکومت بنک آف انگلینڈکے ساتھ مل کر مہنگائی کونیچے لانے کیلئے کام کر رہی ہے۔لیبر شیڈو چانسلر ریچل ریوز کو کہنا ہے کہ ٹوری حکومت کی بدانتظامی کے سبب یہ حالات درپیش ہیں۔حکومت نے منگل کو اساتذہ این ایچ ایس اور پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کااعلان کیا تھا لیکن یونائٹیڈ کے جنرل سیکرٹری شیرون گراہم نے حکومتی پیشکش کو’’دانتوں پر لات مارنے‘‘ کے مترادف قرار دیا ہے۔