’ٹاپ گن: میوریک‘ نے’ٹائی ٹینک‘کو پیچھے چھوڑ دیا

لاس اینجلس،جولائی ۔ ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کی فلم’ٹاپ گن: میوریک‘ نے باکس آفس پر مشہورِ زمانہ فلم ’ٹائی ٹینک‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فلم ’ٹاپ گن: میوریک‘ باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کرنے والی فلم ’ٹائی ٹینک‘ کو پیچھے چھوڑ کر پیراماؤنٹ پکچرز کی ڈومیسٹک باکس آفس پر اب تک کی سب سے زیادہ منافع کمانے والی فلم بن گئی ہے۔امریکی باکس آفس پر ابھی تک 601.9 ملین ڈالرز سے زائد منافع کمانے کے بعد ٹام کروز کی فلم ’ٹاپ گن: میوریک‘ بلاک بسٹر فلم ’ٹائی ٹینک‘ سے آگے نکل گئی ہے، جبکہ اس فلم نے مجموعی طور پر اب تک 1.19 بلین ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔خیال رہے کہ فلم ’ٹائی ٹینک‘ نے 1997ء میں امریکی باکس آفس پر 600.7 ملین ڈالرز کمائے تھے جو امریکی باکس آفس پر ریکارڈ بزنس تھا۔یہ بات قابلِ غور ہے کہ فلم ’ٹائی ٹینک‘ کو 1997ء کے بعد دوبارہ ریلیز کیا گیا تھا اور اس کا اصل میں امریکی باکس آفس پر بزنس 659.3 ملین ڈالرز ہے، جس کے بعد اب بھی یہ فلم امریکی باکس آفس کی فہرست میں 7 ویں نمبر پر ہے۔ مزید یہ کہ جیمز کیمرون کی فلم ’ٹائی ٹینک‘ عالمی سطح پر اب تک کی تیسری سب سے بڑی فلم ہے، جس کا مجموعی طور پر منافع 2.2 بلین ڈالرز ہے، اور اس زبردست منافع کو فلم ’ٹاپ گن: میوریک‘ آج مہنگائی کے اس دور میں کبھی عبور نہیں کر سکے گی۔

Related Articles