پی وی سندھو نے سنگاپور اوپن کا خطاب جیتا
کلانگ (سنگاپور)، جولائی ۔ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی اور دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو نے اتوار کے روز یہاں سنگاپور اوپن کا خطاب جیت لیا۔ سندھو نے فائنل میں چین کی وانگ جی یی کو 21-9، 11-21، 21-15 سے شکست دے کر سپر 500 ٹورنامنٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ سندھو کا یہ سیزن کا تیسرا خطاب ہے۔ اس سے قبل وہ جنوری اور مارچ میں بالترتیب سید مودی انٹرنیشنل اور سوئس اوپن سپر 300 ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ سندھو نے زبردست رفتار کے ساتھ پہلا گیم 21-9 سے جیتا۔ دوسرے گیم میں وانگ جی نے واپسی کی اور سندھو کی کوششوں کے باوجود میچ کو فیصلہ کن کی طرف دھکیل دیا۔ فیصلہ کن میچ میں سندھو نے پہلے پوائنٹ کے ساتھ کھاتہ کھولا لیکن وانگ یی نے لگاتار دو پوائنٹ حاصل کیے۔ چینی کھلاڑی نے میچ میں واپسی کی کوشش کی لیکن سندھو نے اپنی ابتدائی برتری کو بڑھاتے ہوئے 21-15 سے گیم ختم کرکے فائنل پر قبضہ کرلیا۔ سندھو نے اس سے قبل سیمی فائنل میں جاپان کی سائنا کاواکامی کو 21-15، 21-7 سے شکست دی تھی۔ سندھو نے میچ کے بعد کہا، “ہر ایک کا شکریہ جنہوں نے میری حمایت کی۔ سنگاپور ایک اچھا شہر ہے، یہاں آ کر اچھا لگا۔ طویل عرصے بعد فائنل جیتنا ہمیشہ اچھا ہوتا ہے۔ آج یہ ٹائٹل حاصل کرنا بہت معنی رکھتا ہے کیونکہ اس جیت سے میرا حوصلہ کافی بلند ہوا ر یہ یقینی طور پر مجھے ایک نئی سطح پر لے جائے گا۔ “پورا ٹورنامنٹ اچھا رہا ہے۔ یہ صرف شروعات ہے اور میں دولت مشترکہ کھیلوں پر توجہ مرکوز کرنے سے پہلے کچھ آرام کرنا چاہوں گی۔ سندھو سنگاپور اوپن جیتنے والی دوسری ہندوستانی خاتون ہیں۔ سائنا نہوال نے بھی 12 سال قبل یہ خطاب جیتا تھا۔