بی سی سی آئی نے سورو گنگولی-جے شاہ کی میعاد کے سلسلے میں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا

نئی دہلی،  جولائی ۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس وقت انگلینڈ میں ہے اور وہاں ون ڈے سیریز کھیل رہی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے علاوہ بی سی سی آئی کے سینئر حکام اور سابق کرکٹرز کو بھی انگلینڈ میں میچ دیکھتے ہوئے دیکھا گیا جس میں صدر سورو گنگولی بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ ملک میں بی سی سی آئی سے متعلق ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے۔بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی اور سکریٹری جے شاہ بورڈ میں اپنی مدت پوری کرنے والے ہیں، لیکن اس معاملے میں بی سی سی آئی نے اب سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ دونوں کی میعاد کے کولنگ آف پیریڈ میں توسیع کی جائے۔بی سی سی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل کی گئی ہے کہ بورڈ کی جانب سے قواعد میں ترمیم سے متعلق دائر درخواست کی جلد سماعت کی جائے۔ اس اپیل پر چیف جسٹس این وی۔ رمنا نے کہا ہے کہ وہ دیکھیں گے کہ اگلے ہفتے اس معاملے کی سماعت ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ 2019 میں ہی بورڈ کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں بی سی سی آئی کے آئین میں ترمیم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ اس درخواست میں بورڈ نے چیئرمین، سیکریٹری اور دیگر افسران کے کولنگ آف پیریڈ میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ آئین سے متعلق کچھ دیگر قواعد میں تبدیلی کی اجازت مانگی تھی۔واضح رہے کہ سورو گنگولی اور جے شاہ نے اکتوبر 2019 میں صدر اور سکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔ دونوں کی میعاد تین سال کی ہے جو ستمبر 2022 میں ختم ہوگی۔ وقت قریب ہے لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے مزید عمل شروع نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بورڈ کولنگ آف پیریڈ (میعاد کے اختتام سے نئے عمل کی تکمیل تک) بڑھانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

Related Articles