فلم ٹاپ گن: میورک، ٹام کروز کے اکاؤنٹ میں کروڑوں ڈالر اضافے کی توقع

لاس اینجلس ،جولائی۔باکس آفس پر فلم ٹاپ گن : میورک کی شاندار کامیابی کی بدولت ٹام کروز کروڑوں ڈالرز کے مالک بننے والے ہیں۔ٹام کروز نے 1986 میں ٹاپ گن میں کام کیا تھا اور 3 دہائیوں بعد ایک بار پھر وہی کردار بڑی اسکرین پر فلم کے سیکوئل میں ادا کیا۔اس فلم کی ریلیز کورونا وائرس کی وبا کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی، مگر پیرا ماؤنٹ اسٹوڈیو نے باکس آفس میں کامیابی کی توقع پر اسے کسی اسٹریمنگ سروس کو فروخت نہیں کیا۔اورحسب توقع فلم نے اب تک عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا ہے اور خیال کیا جارہا ہے کہ اس سال کی سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں ٹاپ گن سرفہرست ہوسکتی ہے۔ایک نئی رپورٹ کے مطابق فلم کی مالی کامیابی کے باعث ٹام کروز کے بینک اکاؤنٹ میں بھی 10 کروڑ ڈالرز تک کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ٹام کروز کو فلم میں کام کرنے کے لیے ایک کرو ڑ25 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کیا گیاتھا مگر اداکار نے معاہدے میں کچھ شرائط شامل کی تھیں۔ان شرائط میں یہ بات شامل تھی کہ فلم کی آمدنی میں سے کچھ حصہ ٹام کروز کو اس وقت ادا کیا جائے گا جب باکس آفس بزنس ایک مخصوص ہندسے کو عبور کرلے گا۔سنیماؤں سے ہونے والی آمدنی کے ساتھ ساتھ فلم کے اسٹریمنگ اور دیگر ذرائع سے ہونے والے بزنس سے بھی ٹام کروز کو حصہ ادا کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق ٹام کروز اس فلم سے 8 سے 10 کروڑ ڈالرز کے درمیان کما سکتے ہیں اور حتمی رقم طے کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔پیرا ماؤنٹ کی جانب سے ٹاپ گن کے سیکوئل پر کافی عرصے سے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی جارہی تھی مگر ٹام کروز کی جانب سے انکار کیا جارہا تھا کیونکہ وہ اچھے اسکرپٹ کے منتظر تھے۔

Related Articles