سری لنکا کے مزید تین کھلاڑی کورونا سے متاثر

گالے ، جولائی۔آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل میزبان ٹیم سری لنکا میں تین اور کھلاڑی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 8 جولائی سے شروع ہوگا۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ آل راؤنڈر دھننجے ڈی سلوا، فاسٹ باؤلر اسیتھا فرنینڈو اور اسپنر جیفری وینڈرسے کو کورونا سے متاثر ہونے کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تینوں کھلاڑیوں میں کورونا کی علامات پائی گئی ہیں۔ یہ تینوں کھلاڑی پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ تھے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ہی میزبان ٹیم کے لیے یہ ایک اور جھٹکا ہے۔ اس سے پہلے بھی ٹیم اسپنر پراوین جے وکرما کے بغیر کھیل رہی ہے۔ اسپنر جے وکرما کی رپورٹ بھی اس ہفتے مثبت آئی۔ اس کے ساتھ ہی میزبان ٹیم میں کورونا سے متاثرہ کھلاڑیوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم کے دیگر تمام کھلاڑیوں کی رپورٹ منفی آئی ہے اور میزبان ٹیم نے اسپنر لکشن سنداکن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ سری لنکا پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست کھانے کے بعد فی الحال دو میچوں کی سیریز میں 1-0 سے پیچھے ہے۔

Related Articles