رومانوی کرداروں کیلئے اب بوڑھا ہوچکا ہوں: شاہ رخ خان

ممبئی،جون۔بالی وڈ کے رومانوی ہیرو شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ اب وہ رومانس والی فلموں اور کرداروں کے لیے بوڑھے ہوچکے ہیں۔بھارتی فلم نگری میں جب بھی رومانوی فلم یا محبت بھری داستان کا تذکرہ ہوتا ہے تو ایک ہی نام ذہن میں آتا ہے اور وہ ہے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان، ان میں وہ صلاحیت ہے جو اپنے مخصوص انداز سے ناظرین کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتی ہے۔شاہ رخ کو25 جون کو بالی وڈ میں 30 سال مکمل ہوئے اور اس دن انہوں نے پہلا انسٹاگرام لائیو سیشن کیا۔سیشن کے دوران ان سے ایک مداح نے سوال پوچھا کہ اب وہ راہول اور راج جیسے کردار ادا کیوں نہیں کرتے اور کیا وہ ان کرداروں کو یاد کرتے ہیں؟ جواب میں اداکار نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اب میں رومانوی فلموں اور کرداروں کے لیے بوڑھا ہوچکا ہوں، مجھے کافی عجیب لگتا ہے جب میں اپنے سے کئی زیادہ چھوٹی عمر کی لڑکیوں کے ساتھ فلم میں رومانس کرتا ہوں ۔شاہ رخ کا کہنا تھا کہ میں نے فلم ’زیرو‘ میں بہت اچھا وقت گزارا جو کہ میرے پہلے کیے جانے والے کاموں سے بہت مختلف تھا، مجھے یاد ہے کہ کئی سال پہلے میں ایک فلم میں کام کر رہا تھا اور میرے مقابل اداکارہ مجھ سے کافی چھوٹی تھیں اور ان کے ساتھ رومانوی سین کرنا مجھے بہت عجیب لگا تھا، مجھے شرم آرہی تھی۔انہوں نے کہا کہ میں عجیب نہیں لگنا چاہتا لیکن مجھے نہیں معلوم کہ آخری فلم کون سی تھی جس میں، میں نے راہول کا کردار ادا کیا تھا، میں ایک پیشہ ور اداکار ہوں اس لیے مجھے بہت سارے کردار ملتے ہیں، میں صرف اتنی ہی ترقی کرنے کی کوشش کرتا ہوں جتنی میں کر سکتا ہوں اور جو کچھ میں کرتا ہوں اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں ۔ آپ سڑکوں پر چلتے ہیں اور لوگ آپ کو ان ناموں سے پکارنے لگتے ہیں کنگ خان نے مزید کہا کہ میں پروڈیوسرز آدتیا چوپڑا اور کرن جوہر کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ان غیر معمولی کرداروں کو تخلیق کیا، جب میں نے فلموں میں کام شروع کیا تو کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں کسی کردار کے نام سے پہچانا جاؤں گا جو میرے خیال میں ایک اداکار کو ملنے والا سب سے بڑا تحفہ ہے، آپ سڑکوں پر چلتے ہیں اور لوگ آپ کو ان ناموں سے پکارنے لگتے ہیں ۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘ اور ’چنئی ایکسپریس‘ جیسی کئی فلموں میں رومانوی ہیرو راہول کا کردار ادا کیا جب کہ دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور چلتے چلتے میں انہوں نے راج کا کردار ادا کیا جو شاہ رخ کی پہچان بن گئے۔

 

Related Articles