رونالڈو سنگھ نے اسپرنٹ میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی

نئی دہلی، جون .ہندوستان کے رونالڈو سنگھ نے بدھ کو ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ 2022 کے آخری دن اسپرنٹ مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔مقابلے میں یہ ان کا تیسرا تمغہ تھا۔ اس سے قبل رونالڈو نے ایک کلومیٹر ٹائم ٹرائل اور ٹیم اسپرنٹ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ چیمپئن شپ کے آخری دن بدھ کو رونالڈو نے جاپان کے تجربہ کار سائیکلسٹ کینٹو یاماساکی کو سخت ٹکر دی لیکن انہیں چاندی پر اکتفا کرنا پڑا۔ یاماساکی نے رونالڈو کو لگاتار دو ریسوں میں شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ قازقستان کے آندرے چوگے نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔صبح کے میچ میں رونالڈو نے سیمی فائنل میں چوگے کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ رونالڈو نے پہلے راونڈ میں پیچھے ہونے کے بعد واپسی کرتے ہوئے اگلی دونوں ریس جیتی تھیں۔اپنی سالگرہ کے موقع پر چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد رونالڈو نے کہا کہ میرے ذہن میں طلائی تمغہ حاصل کرنا تھا۔ یہ میرے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ میں نے ہر ٹورنامنٹ کے ساتھ اپنی تکنیک پر کام کیا، جو سب سے اہم تھا اور اپنے خاندان کی مدد سے میں نے یہ کامیابی حاصل کی۔جونیئر سائیکلسٹ برجیت یمنام نے ہندوستان کو ایک اور تمغہ دلاتے ہوئے کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔ یمنام نے مردوں کے جونیئر زمرے میں 15 کلومیٹر پوائنٹس کی دوڑ میں 23 پوائنٹس حاصل کیے۔ وہ قریبی مقابلے میں ایک پوائنٹ سے محروم رہے اور ان کے حریف کوریا کے سنگین لی نے 24 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ اس مقابلے میں ازبکستان کے فرخ بوبوشہروف نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔اس کے علاوہ 19 سالہ چنیکا گوگوئی نے خواتین کی 10 کلومیٹر اسکریچ ریس میں کانسی کا تمغہ جیت کر سب کو حیران کردیا۔ تمغہ جیتنے کے بعد چنیکا نے کہا، میں نے کبھی تربیت نہیں چھوڑی۔ مجھے خوشی ہے کہ میری محنت رنگ لائی۔ میرا واحد ہدف ملک کے لیے کھیلنا اور تمغے جیتنا ہے۔‘‘

 

Related Articles