سوڈانی بندرگاہ پر 16 ہزار بھیڑیں سعودی عرب لانے والا جہاز ڈوب گیا
خرطوم،جون۔سوڈان کی سواکن بندرگاہ پر 16 ہزار بھیڑیں سعودی عرب لانے والا جہاز ’بدر ون‘ ڈوب گیا، تاہم جہاز کے عملے کو بچا لیا گیا ہے۔یہ حادثہ سنیچر اور اتوار کی درمیان شب بحیرہ احمر کے سوڈانی ساحل پر پیش آیا ہے۔ سواکن بندرگاہ کے عہدیدار نے بتایا کہ ’بدر ون‘ جہاز پر 15 ہزار 800 بھیڑیں لدی تھیں جو اتوار کی صبح ڈوب گیا۔ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ’ جہاز کے عملے کو بچا لیا گیا۔ جہاز کے ڈوبنے سے بندرگاہ کی کارکردگی متاثر اور ماحول بھی متاثر ہوگا کیونکہ بڑی تعداد میں بھیڑوں کے مرنے کی وجہ سے تعفن پھیلے گا‘۔سواکن بندرگاہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ’ ’بدرون‘ جہاز پر زیادہ سے زیادہ 9 ہزار بھیڑیں لادی جا سکتی تھیں۔ جہاز پر گنجائش بڑھائی گئی تھی۔ پہلی بار 15 ہزار سے زیادہ بھیڑیں جہاز پر لادیں گئیں۔ اس سے قبل اس جہاز پر زیادہ سے زیادہ 12 ہزار بھیڑیں لادی جا چکی ہیں‘۔سوڈانی چیمبر کے چیئرمین عمر بشیر الخلیفہ نے بتایاکہ ’جہاز 13 میٹر گہرے پانی میں ڈوبا ہے‘۔ اس میں نقصان کا اندازہ چودہ ملین سعودی ریال [چار ملین ڈالر] لگایا جا رہا ہے۔ اس حادثے میں صرف 700 بھیڑیں زندہ بچائی جا سکیں لیکن ان کی حالت بھی ایسی نہیں کہ انہیں قربان کیا جا سکے۔