اے پی میں بس الٹ گئی۔اوڈیشہ کے پانچ افراد ہلاک
حیدرآباد ،جون۔ آندھراپردیش کے الوری سیتاراماراجو ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں پڑوسی ریاست اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔یہ حادثہ ضلع کے ایڑوگورالہ پلی دیہات کے قریب اُس وقت پیش آیاجب پرائیویٹ ٹراویلس کی بس کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیااور یہ بس الٹ گئی۔اس حادثہ میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔حادثہ اتنا شدید تھاکہ تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دو کی موت بھدراچلم کے سرکاری اسپتال میں علاج کے دوران ہوگئی۔مہلوکین میں دو چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔مزید تین افراد بھدراچلم کے سرکاری اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔یہ بس اوڈیشہ کے چناپلی سے اے پی کے وجئے واڑہ کی سمت جارہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔مہلوکین کی شناخت 24سالہ دلاپتی،5سالہ جیتا ہریجن،2سالہ سونینا ہریجن کے طورپر کی گئی ہے۔مزید دو کی شناخت ہنوز نہیں ہوپائی ہے۔ان تمام کا تعلق اوڈیشہ سے ہے۔مقامی افراد کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے راحت کام کاآغاز کیا۔