اچھا فیلڈر بننے کیلئے فیلڈنگ کو انجوائے کرنا چاہیے، شاداب خان
کراچی ،جون۔ پاکستان وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کاکہنا ہے کہ اچھا فیلڈر بننے کیلئے آپ کو اپنی فیلڈنگ سے انجوائے کرنا چاہیے۔ کوشش ہوتی ہے کہ گیند میرے پاس آئے اور میں ڈائیو ماروں اچھا رن آئوٹ کروں۔ پرستاروں کی سپورٹ سے ٹیم اوپر جارہی ہے۔ جمعرات کو سوشل میڈیا پر انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ملتان کے تماشائیوں کا شکریہ کہ انہوں نے گرمی اور سیکیورٹی مسائل کے باوجود گرائونڈ میں آکر ہمیں سپورٹ کیا۔ رات کو تو اسٹیڈیم بھر گیا تھا۔ امید ہے کہ اگلے میچوں میں بھی اسی طرح تماشائی آئیں گے۔ شاداب خان نے کہا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے۔ بابر اعظم سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔پوری ٹیم ایک دوسرے کی کمپنی کو انجوائے کررہے ہیں۔شاداب خان نے کہا کہ خوش دل شاہ جو رول ادا کررہے ہیں وہ آسان نہیں ہے۔ خوش دل اور نواز نے جس طرح میچ فنش کیا وہ کمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے پسندیدہ کھلاڑی نکلوس پوران ہیں۔ ہم سی پی ایل میں ساتھ کھیلے ہیں۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنر جیت کی بنیاد رکھتے ہیں۔