کوآپریٹو بینکوں پر آر بی آئی کے فیصلے معیشت کو تقویت دیں گے: امیت شاہ
نئی دہلی، جون ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کوآپریٹو بینکوں کے ذریعے قرض کے بہاؤ کو بڑھانے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے پالیسی اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے معیشت کو فروغ ملے گا اور کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔ جمعرات کو کوآپریشن کی وزارت کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مسٹر شاہ نے بدھ کو آر بی آئی کی طرف سے کئے گئے تین پالیسی فیصلوں کو کوآپریٹو بینکنگ سیکٹر کے لیے "بہت اہم” قرار دیا۔ آر بی آئی نے انفرادی ہاؤسنگ لون کی حد میں اضافہ کیا ہے جو کوآپریٹو بینک دے سکتے ہیں اور انہیں سستی ہاؤسنگ پروجیکٹس کی ترقی کے لیے کریڈٹ سپورٹ بڑھانے کے ساتھ ساتھ گھر گھر جا کر لوگوں کو اپنی بینکنگ خدمات پیش کرنے کی اجازت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کوآپریٹو سیکٹر کے لیے کئی ایسے تاریخی فیصلے کیے ہیں، جن کی ایک طویل عرصے سے ضرورت تھی۔ اس کے لیے انہوں نے تمام کوآپریٹو سیکٹر کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر امت شاہ نے کہا کہ کوآپریٹو سیکٹر میں کسانوں، زراعت اور ملک کے دیہی علاقوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کی بے پناہ صلاحیت ہے، یہی وجہ ہے کہ مودی حکومت کوآپریٹو سیکٹر کو بااختیار بنا رہی ہے۔آر بی آئی نے شہری کوآپریٹیو بینکوں کے لیے انفرادی ہاؤسنگ لون کی حد کو دوگنا کر دیا ہے۔ اس کے تحت ٹائر 1 اربن کوآپریٹو بینکوں (یو سی بی) کے لیے انفرادی ہاؤسنگ لون کی حد اب 30 لاکھ روپے سے بڑھا کر 60 لاکھ روپے، ٹائر 2 یو سی بی کے لیے 70 لاکھ روپے سے بڑھا کر 1.40 کروڑ روپے اور دیہی کوآپریٹو بینکوں کے لیے ( اس حد کو بالترتیب 20 لاکھ اور 30 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ اور 75 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔