برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر ہنگامی صورتحال برقرار، مسافر ایئر پورٹس کے فرش پر سونے پر مجبور
راچڈیل،جون۔مانچسٹر، ’سٹینسڈ‘ برسٹل اور گیٹ وک ائیر پورٹس پر ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنیوالے مسافر ہوائی اڈوں کے فرش پر سونے پر مجبور ہو گئے، مسافروں کو سفر کیلئے کلیئر ہونے میں تقریباً پانچ گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے، طویل قطاروں میں کھڑے مسافر کئی یوم سے عملے کی قلت اور پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں ،باور کیا جا رہا ہے کہ برسٹل بریکس 2019کے بعد سے اپنے مصروف ترین ہفتے کے لیے افراتفری تمام موسم گرما میں جاری رہے گی،دوسری جگہ برسٹل ٹرمینلز کے باہر صبح 4 بجے سے ہی کھلے آسمان کے نیچے لائنیں بن گئیں، 140میل دور گیٹوک کے مسافروں نے کہا کہ وہ بھی اپنے طیاروں تک پہنچنے کے لیے طویل قطاروں میں گھنٹوں تک باری آنے کیلئے منتظر رہے، ایزی جیٹ کے 28مئی سے 6 جون کے درمیان گیٹوک کیلئے 200سے زائد پروازیں منسوخ کرنے کے بعد صور تحال میں خرابی کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، مسافروں کی طرف سے وسیع پیمانے پر سوشل میڈیا کے ذریعے غم وغصے کا اظہار سامنے آیا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ برسٹل ہوائی اڈے پر صرف سیکیورٹی کی آدھی لائنیں کھلی ہیں اور فاسٹ ٹریک بھی فنکشنل نہیں، سڑک پر تقریباً 300میٹر طویل قطاریں انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت پیش کر رہی ہیں۔ برسٹل ہوائی اڈے پر کسٹمر آپریشنز کے سربراہ رچرڈ تھامسن نے کہا ہے کہ صبح سویرے پروازوں کی روانگی کے لیے ہم دیکھ رہے ہیں کہ گاہک پرواز کی روانگی سے 5 گھنٹے پہلے پہنچتے ہیں جس سے ٹرمینل میں بھیڑ میں اضافہ ہوتا ہے، یہ ایسی چیز ہے جس کا ہم نے پہلے تجربہ نہیں کیا، دریں اثنا گیٹوک میں ایک ہوائی اڈے کے صارف نے سامان کی ڈراپ پر جانے کے لیے ایک طویل ترین قطار کی تصویر پوسٹ شیئر کی، ڈوور کے راستے یوکے چھوڑنے کی کوشش کرنے والے لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بعض مسافروں نے فرانسیسی سرحدی کنٹرول بوتھ کھلے نہ ہونے کی وجہ سے چار گھنٹے کی تاخیر کی اطلاع دی ہے، پی اینڈ او فیریز کی طرف سے بھی کہا گیا ہے کہ تاخیر انکے قابو سے باہر تھی اور اشارہ دیا ہے کہ فرانسیسی سرحدی پولیس ذمہ دار ہے، ہفتے کے روز سیکڑوں مسافر مانچسٹر ہوائی اڈے پر احتجاج کرتے نظر آئے جب انہیں بتایا گیا کہ آٹھ گھنٹے کے طویل ترین انتظار کے بعد انکے دورے منسوخ کر دیے گئے ہیں، مسافروں کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے ائیرپورٹ حکام نے پولیس کو بھی طلب کر لیا،دریں اثنا لوگوں نے برسٹل ہوائی اڈے پر بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع دی اور بتایا کہ مسافروں میں غم وغصہ پایا جارہا ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایزی جیٹ نے 28 مئی سے 6 جون کے درمیان گیٹوک جانے یا جانے والی 200 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی ہیں، چھٹیاں منانے کیلئے سفری منصوبے بنانیوالوں کی تیاریاں بری طرح متاثر اور وہ سخت مایوسی کا شکار ہوئے ہیں۔ دوسری طرف ڈرائیوروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ پلاٹینم جوبلی بینک کی تعطیلات کے دوران مقبول راستوں پر طویل تاخیر کی توقع کریں، جس میں تقریباً 20 ملین سفر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ آر اے سی کا تخمینہ ہے کہ بدھ اور اتوار کے درمیان سڑک کے ذریعے 19.5 ملین تفریحی دورے متوقع ہیں۔