شاہ نے پلوامہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا
نئی دہلی، اکتوبر۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج سری نگر میں شہداء کی یادگار پر جا کر پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔امت شاہ تین روزہ دورے پر جمعہ کو سری نگر پہنچے تھے لیکن اپنے دورے کے ایک حصے کے طور پروہ پیر کی شب سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کیمپ میں ٹھہرے تاکہ جوانوں اور افسروں کو درپیش تجربات اور مشکلات کے بارے میں دریافت کریں۔مرکزی وزیر داخلہ صبح سویرے پلوامہ شہداء میموریل پہنچے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد میں پودا لگایا۔شاہ نے ٹویٹ کیا’’ بہادر سی آر پی ایف جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو پلوامہ کے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے تھے۔ ملک کے دفاع کے لیے آپ کے حوصلہ اور عظیم قربانی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔ بہادراور قربانی دینے والے جوانوں کو سیلیوٹ‘‘۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پلوامہ کے شہدا کی یادگار پر ہمارے بہادر شہیدوں کی یاد میں شجر کاری کی گئی۔قابل ذکر ہے کہ 14 فروری 2019 کو پلوامہ میں دہشت گردوں نے سی آر پی ایف کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا، جس میں فورس کے 45 جوان شہید ہوگئے تھے۔