اداکار عامر خان آئی پی ایل فائنل میں کمنٹری کرتے ہوئے نظر آئیں گے
ممبئی، مئی۔مشہور فلمی اداکار عامر خان کی کرکٹ سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔آسکر کے لیے نامزد فلم لگان میں عامر کا کردار بھوون آج بھی سب کو یاد ہے اور اب عامر کی کھیل کے تئیں یہ محبت دوسری سطح پرپہنچ گئی ہے۔ اداکار اتوار کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں انڈین پریمیئر لیگ 2022 کے فائنل مقابلے میں کمنٹری کرنے کے لیے بالکل تیار ہیں جہاں وہ اپنی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کاٹریلر جاری کریں گے۔عامر کے ساتھ کچھ سابق کرکٹرز بھی شامل ہوں گے جو آئی پی ایل 2022 کے دوران کمنٹری اسٹوڈیو میں نظر آ سکتے ہیں۔ عامر خان کا کمنٹری کرنے والا پوسٹر کو ایپ پر ٹرینڈ کر رہا ہے، جس میں آئی پی ایل فائنل کے ساتھ ساتھ ناظرین میں عامر خان کی کمنٹری دیکھنے کے لیے زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر 29 مئی کو سب سے زیادہ منتظر ٹی20 کرکٹ فائنل میں لانچ کیا جائے گا، جس کی میزبانی کوئی اور نہیں بلکہ خود عامر خان کریں گے، جسے اسٹار اسپورٹس پر ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ٹریلر ریلیز فائنل میچ کی پہلی اننگ کے دوسرے ٹائم آوٹ کے دوران ہوسکتا ہے۔ فائنل میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔ یہ میچ گجرات ٹائٹنز اور راجستھان رائلز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لال سنگھ چڈھا کا ٹریلر ریلیز پہلی اننگ کے تقریباً نویں سے 15ویں اوور کے درمیان یعنی رات 9:00 سے 9:30 بجے کے درمیان ہوسکتا ہے۔عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا میں کرینہ کپور اور مونا سنگھ نظر آئیں گی۔ یہ فلم ٹام ہینکس اسٹارر ہالی ووڈ فلم فارسٹ گمپ کاہندی ریمیک ہے، جس کے تعلق سے ناظرین میں کافی جوش وخروش ہے۔