کانز فلم فیسٹول کے دوران ایک خاتون برہنہ حالت میں ریڈ کارپٹ پر آگئی ، شدید احتجاج

پیرس،مئی۔ فرانس میں جاری کانز فلم فیسٹیول میں گزشتہ روز ایک یوکرینی خاتون نیم برہنہ حالت میں گھس آئی اور ریڈ کارپٹ پر یوکرین پر روسی حملے اور روسی فوجیوں کے ہاتھوں یوکرینی خواتین کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتیوں کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق یہ واقعہ فیسٹیول کے چوتھے روز پیش آیا۔ اس یوکرینی خاتون نے اپنے برہنہ جسم پر پینٹ سے یوکرین کا جھنڈا بنوا رکھا تھا اور لکھوا رکھا تھا کہ ’’ہمارا ریپ بند کرو۔‘‘ ریڈ کارپٹ پر اچانک برہنہ خاتون کے گھس آنے اور نعرے بازی شروع کر دینے پر سب چونک گئے اور اس کی طرف دیکھنے لگے تاہم اگلے ہی لمحے سکیورٹی عملے کے لوگ آ گئے اور اس خاتون کو باہر نکال دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ کانز فیسٹیول میں یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے روسیوں کو شرکت سے روک دیا گیا تھا جبکہ منگل کے روز یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے ویڈیو لنک کے ذریعے فیسٹیول سے خطاب بھی کیا۔

Related Articles