ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے شاداب کی ٹیم میں واپسی

اسلام آباد ، مئی۔پاکستان کے ٹاپ لیگ اسپنر شاداب خان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ شاداب گروئن انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے تھے تاہم اب وہ آل راؤنڈر محمد نواز کے ساتھ ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں ۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف منتخب کی گئی 21 رکنی ٹیم کے مقابلے میں اس مرتبہ 16 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہے ۔ جن کھلاڑیوں کو باہررکھا گیا ہے ان میں آصف آفریدی، آصف علی، حیدر علی اور عثمان قادر کے نام شامل ہیں ۔ سعود شکیل کی سائنوسائٹس کی سرجری ہونی ہے جس کے باعث انہیں ٹیم میں بھی شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ پاکستان کے چیف سلیکٹرمحمد وسیم نے کہا ’’ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے میچ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی کوالیفکیشن کے لیے اہم ہیں ، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنی ٹیم کو زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کا موقع دیںگے اور ورلڈ کپ تک پہنچنے کے لیے اپنے دعوے کو مضبوط کریں گے ۔ انہوں نے کہا ’’ ہم نے آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز کے لئے ان کھلاڑیوں کے بیک اپ بھی منتخب کئے تھے ، جو چوٹ کی وجہ سے باہر تھے ۔ محمد نواز اور شاداب خان جیسے کھلاڑی اب مکمل طور پر صحت مند ہیں، اس لیے ہم آصف آفریدی اور عثمان قادر کو باہر رکھ سکتے ہیں۔ تاہم ہم نے عثمان، آصف علی اور حیدر علی کو اس سال کی ٹی 20 سیریز اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے اپنے منصوبوں میں شامل کیا ہے‘‘۔ پاکستانی ٹیم تربیتی کیمپ کے لیے یکم جون کو راولپنڈی میں جمع ہوگی جہاں حارث رؤف، حسن علی، محمد رضوان اور شاداب خان کاؤنٹی چیمپئن شپ سے واپسی کے بعد ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچ 8، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

Related Articles