سرکل کے بقیہ کھلاڑی پراعتماد نہیں تھے، اس لیے ریویو نہیں لیا: ڈیوڈ کے وکٹ پرپنت

ممبئی، مئی۔دہلی کیپٹلس اور ممبئی انڈینس کے درمیان ہفتہ کو کھیلے گئے آئی پی ایل میچ میں جب ٹم ڈیوڈ بلے بازی کرنے آئے تو ممبئی کو 33 گیندوں پر 65 رنز درکار تھے۔ ڈیوڈ کی اننگ کی پہلی گیند ان کے بلے کا کنارا چھو کر رشبھ پنت کے دستانوں میں پہنچ گئی۔ ہلکی آواز آنے پر پنت نے اپیل بھی کی لیکن امپائر نے آؤٹ نہیں دیا اور کچھ غورخوض کے بعد پنت نے ریویوبھی نہیں لیا۔ اس وقت دہلی کے پاس دونوں ریویو باقی تھی۔ اس کے بعد ڈیوڈ نے 10 گیندیں کھیلنے کے بعد 34 رن بنائے اور پانچ گیندپہلے ہی ممبئی میچ جیت گئی۔ میچ کے بعد اسٹار اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے پنت نے کہا کہ میدان میں موجود دیگر کھلاڑیوں کو وکٹ کے بارے میں یقین نہیں تھا اس لیے انہوں نے ریویو نہیں لیا۔ انہوں نے کہا، مجھے لگا کہ وہاں کچھ تھا، اس لئے میں نے باقی کھلاڑیوں سے پوچھا کہ کیا ہمیں ریویو لیناچاہیے۔ سرکل میں کھڑے دیگر لوگو کوپوری طرح یقین نہیں تھا، آخر کار میں نے ریویو نہیں لیا۔ دوسری جانب دہلی کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے کہا کہ ان کی ٹیم صرف ایک فیصلے کی وجہ سے میچ نہیں ہاری بلکہ ان کی شکست کی دیگر وجوہات بھی تھیں۔ انہوں نے میچ کے بعد کی کانفرنس میں کہا، میچ کے ایک پہلو پر انگلی رکھ کر بتانا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے۔ ہمارے اپر آرڈر بلے بازوں نے میچ کے آغاز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ہم نے تقریباً 30-40 رن پر چار وکٹ کھودئے تھے۔ یہ ایک ٹی20 میچ کی اچھی شروعات نہیں تھی۔ خاص طور پرایسے میچ میں جسے جیتنا ہمارے لئے ضروری تھا۔ پونٹنگ نے کہا، ٹم ڈیوڈ پہلی گیند پر تقریباً آؤٹ ہونے کے بعد اچھا کھیلے، لیکن میچ کے بہت سے ایسے پہلو ہیں جو ہمیں مایوس کریں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ کھلاڑی ایسے میچوں سے کچھ نہ کچھ سیکھیں گے۔ بالآخر، مجھے بہت دکھ ہوا ہے کہ میچ ہمارے ہاتھوں سے پھسل گیا جب انہیں آخری سات یا آٹھ اوروں میں 12 رن فی اوور چاہیے تھے۔

Related Articles