تریپورہ میں 11 وزراء نے حلف لیا
اگرتلہ، مئی۔مانک ساہا کے تریپورہ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے کے ایک دن بعد پیر کو 11 وزراء نے حلف لیا۔کابینہ میں شامل وزراء میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی اتحادی انڈیجینس پیپلز فرنٹ آف تریپورہ (آئی پی ایف ٹی) کے دو نئے چہرے شامل ہیں، جب کہ بقیہ نو وزراء کوجو اس وقت کی بپلاب کمار دیو حکومت کے بھی رکن تھے، دوبارہ موقع دیا گیا ہے۔ نئے وزیر اعلیٰ بننے والے مسٹر ساہا خود پہلے کبھی وزیر نہیںتھے۔گورنر ستیہ دیو نارائن آریہ نے یہاں راج بھون میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب کے موقع پر مرکزی وزیر برائے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی بھوپیندر یادو اور بی جے پی کے مرکزی قائدین موجود تھے۔ تریپورہ میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے 50 ماہ کے دور میں پہلی بار کابینہ کے ارکان کا کوٹہ پورا ہوا ہے۔ مسٹر ساہا نے سابق نائب وزیر اعلی جشو دیو ورما کے ساتھ مل کر اپنی مکمل کابینہ تشکیل دی ہے اور یہ کوٹہ بی جے پی کے تجربہ کار لیڈر رامپاڑا جماتیہ کی بطور وزیر تقرری سے پُر ہو گیا ہے۔