پجارا کا کنسنٹریشن سیکھنے کے قابل:محمدرضوان

لندن، مئی۔پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سسیکس کے اپنے ساتھی چیتشور پجارا کا کنسنٹریشن اورفوکس کی تعریف کی ہے اور بتایا ہے کہ کس طرح ہندوستانی بلے باز پجارا نے انہیں انگلینڈ میں ہلکے ہاتھوں سے اور جسم کے قریب کھیلنے کی ہدایت دے کر مدد کی ہے۔ رضوان اور پجارا کے درمیان ڈرہم کے خلاف گزشتہ ماہ چھٹے وکٹ کے لیے 154 رن کی شراکت داری ہوئی تھی جس میں رضوان نے 79 رن بنائے تھے۔ پجارا اس وقت ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہیں لیکن سسیکس کے لیے اب تک انہوں نے چار فرسٹ کلاس مقابلوں میں 143.40 کی اوسط سے 717 رن بنائے ہیں، جس میں دو سنچری اور دو ڈبل سنچری شامل ہیں۔ رضوان کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پجارانے 203 رنز بنائے تھے اور رضوان نے کاؤنٹی کرکٹ میں سست آغاز کے بعد اپنی فارم میں بہتری کا کریڈٹ ا پجارا کو دیا۔ ‘کرک وِک’ نامی یوٹیوب چینل پر انھوں نے کہا، ‘اب سب کے سامنے ہے کہ ہم جو برسوں سے کھیلتے آ رہے ہیں تو وائیڈ بال کوجسم سے دور کھیلتے ہیں کیونکہ آپ سفید گیند میں اپنے جسم کے قریب بہت کم دیکھتے ہیں۔ یہاں (پاکستان میں) سوئنگ اور سیم کم ہوتاہے تو آپ رن ہی دیکھتے ہیں، اس لیے شروع میں میں دو بارجسم سے دورکھیلتے ہوئے آوٹ ہوا۔ پھر میں نیٹس میں جا کر (پجارا) سے ملاہوں اورانہوں نے یہی کہا کہ ’ہم پاکستان یا ایشیا میں کھیلتے ہوئے تیزڈرائیولگاتے ہیں۔ یہاں زورنہیں لگاناپڑتا اوردوسرا یہ کہ جسم کے قریب کھیلناپڑتاہے کیونکہ میں تو جسم سے دورہی کھیلتے آرہاہوں۔رضوان نے کہا کہ پجارا کا ارتکاز اور توجہ سیکھنے کے قابل ہے اور ان کی ذاتی زندگی میں جن کھلاڑیوں میں یہ خوبیاں سب سے زیادہ پسند ہیں ان میں پجارا کا نام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے اپنی زندگی میں سب سے زیادہ کنسنٹریشن اورفوکس کے لحاظ سے یونس بھائی (خان) کو پہلے مقام پر رکھتاہوں اورپھر فواد عالم کو۔ جو توجہ اور ارتکاز پجارا کے پاس ہے وہ انہیں کے برابر ہے۔

 

Related Articles