بین اسٹوکس انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان مقرر

لندن، اپریل ۔جو روٹ کے ٹیسٹ کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کو اپنا نیا کپتان مل گیا ہے۔ آل راؤنڈر بین اسٹوکس انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان ہوں گے۔ جو روٹ نے پانچ سال تک انگلینڈ ٹیم کے کپتان رہنے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ روٹ کے استعفیٰ کے بعد ہی ان کے جانشین کی تلاش تھی۔ بین اسٹوکس انگلینڈ کے 81ویں ٹیسٹ کپتان ہوں گے۔ نئے کپتان کے طور پر ان کا نام انگلینڈ مینز کرکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر رابکی نے تجویز کیا تھا۔ جس پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے منگل کی شام اپنی منظوری دے دی۔ بین اسٹوکس کی تقرری پر رابکی نے کہا کہ میں نے بین کو اس کردار کی پیشکش کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی، ریڈ بال کرکٹ میں اس ٹیم کو آگے لے جانے کے لیے بین اسٹوکس بہترین شخص ہیں، مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے اس پیشکش کو قبول کرلیا ہے ۔ وہ اس موقع اور ذمہ داری کے بھی مستحق ہیں۔ اسٹوکس ایک ایسی ٹیم کی کمان سنبھالنے جارہے ہیں جس نے اپنے آخری 17 ٹیسٹ میچوں میں صرف ایک میچ جیتا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار انگلینڈ کی ٹیم لگاتار پانچ سیریز میں ایک بھی سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 23-2021 کے ٹیبل میں بھی سب سے نیچے ہے۔ اسٹوکس اس سے قبل 2020 میں روٹ کی غیر موجودگی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کی کپتانی کر چکے ہیں۔ روٹ اس وقت پیٹرنٹی چھٹی پر تھے۔ تاہم جب اسٹوکس سے دورہ آسٹریلیا کے دوران انگلینڈ کی کپتانی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے واضح طور پر انکار کیا کہ وہ کپتانی کے لیے تیار نہیں ہیں۔ اسٹوکس نے کہا کہ’’ انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کی کمان ملنے پر فخر محسوس کررہا ہوں ۔ میں نیا کردار سنبھالنے کے لیے کافی پرجوش ہوں۔ میں انگلینڈ کی ٹیم میں کردار ادا کرنے پر جو روٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔ ڈریسنگ روم میں ایک لیڈر کے طور پر میری ترقی میں ان کا کافی تعاون رہا ہے اور اس نئے کردار میں بھی میری مدد کریں گے۔ اسٹوکس ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ اس سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس شکست نے انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے لیے سب سے زیادہ میچوں میں کپتانی کرنے والے روٹ کی کپتانی پر سوال اٹھا دیئے تھے۔ انگلینڈ کو اگلی ٹیسٹ سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنی ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 2 جون کو لارڈز میں شروع ہوگا۔ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اسٹوکس نے انگلینڈ کے مردوں کے ٹیسٹ کپتان بننے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو انگلینڈ کی شرٹ میں ان کے غیر معمولی کیریئر کی ایک اور بڑی کامیابی ہے۔ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ انگلینڈ کی نمائندگی کرنے کا مطلب کیا ہے۔ہمیں یقین ہے کہ اسٹوکس ہمیں بڑے فخر کے ساتھ ایک نئے دور میں لے جائیں گے۔

 

Related Articles