سیتا رمن نے سرمایہ کاروں کو ہندوستان آنے کی دعوت دی
نئی دہلی/ سین فرانسسکو، اپریل ۔ مرکزی وزیر خزانہ سیتارمن نے منگل کو سین فرانسسکو میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ میٹنگ کی اور ان کو ہندوستان کی ترقی میں حصہ لینے کے لئے دعوت دی ۔اس وقت وزیر خزانہ امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ گول میز میٹنگ میں کہا کہ آنے والے چند برسوں ہندوستان کا شمار دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھنے والی اہم معیشتوں میں ہوگا۔وزیر خزانہ نے سین فرانسسکو میں شمسی توانائی کے شعبے کی کمپنی ’فرسٹ سولر‘ کےچیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک وڈمر سے بھی ملاقات کی اور ہندوستان کی قابل تجدید توانائی کے منظر نامے اور ملک میں کمپنی کی 70 کروڑ ڈالرکی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔مسٹر وڈمار نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ ہندوستان میں پہلاشمسی پلانٹ جلد ہی شروع ہو جائے گا۔وزارت خزانہ کے مطابق، اس میٹنگ میں اعلی افسران، نجی شعبہ کے بڑے کاروباریوں، صنعت کاروں،تاجروں، سرمایہ کاروں، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور پنشن اور انڈومنٹ فنڈز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ امریکہ میں ہندوستان کے سفیر ترنجیت سنگھ سندھو، چیف اقتصادی مشیر وی اننت ناگیشورن اور دیگر سینئر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔