امریکہ میں وزیراعظم کی متعدد شخصیات سے ملاقات متوقع

نئی دہلی ، ستمبر۔ وزیراعظم نریندرمودی تین روزہ دورہ پر جمعرات کو صبح 3.30 بجے واشنگٹن پہنچے۔امریکہ پہنچنے کے بعد مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا ’’واشنگٹن ڈی سی پہنچ گیا ۔ اگلے دو دنوں میں میں امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس ، آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن ، جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیدے سوگا سے ملاقات کروں گا۔ اس دوران کواڈ میٹنگ میں شرکت کروں گا۔اعلیٰ کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقات کروں گا اور ان کے ساتھ ہندوستان کی معاشی کامیابیوں کا اشتراک کروں گا۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے امریکہ میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ’’واشنگٹن ڈی سی میں پرتپاک استقبال کے لیے ہندوستانی برادری کا شکر گزار ہیں۔ ہمارے غیر مقیم ہماری طاقت ہیں ۔ یہ قابل ستائش ہے کہ کیسے ہندوستانیوں نے دنیا بھر میں اپنے آپ کو ثابت کیا ہے‘‘۔وزیر اعظم مودی آج پانچ بڑی کمپنیوں کوالکوم ، ایڈوب ، فرسٹ سولر ، جنرل ایٹمکس اور بلیک اسٹون کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز (سی ای او) سے ملاقات کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس سے بھی ملاقات کریں گے۔

Related Articles