شریاس ائیر انتہائی جارحانہ کپتان ہیں: روی شاستری
نئی دہلی، اپریل۔ہندوستان کے سابق کرکٹر روی شاستری کا خیال ہے کہ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان شریاس ائیر میں کپتانی کی قدرتی خصوصیات ہیں اوراس کرکٹر کے خیالات کی وضاحت نے انہیں سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔شریاس ائیر کو ٹاٹا آئی پی ایل 2022 میں کے کے آر کی قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے اور ممبئی کے اس کھلاڑی نے اپنے اس کردار کے ساتھ مکمل انصاف کیا ہے۔ شاستری کا دعویٰ ہے کہ جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا ائیر کپتان کے طور پر مزید بہتر ہو جائیں گے۔شاستری نے اسٹاراسپورٹس پر نشرہونے والے کرکٹ لائیو شومیں کہا، ’’کپتانی شریاس ائیر کے لئے ایک فطری چیز ہے۔ ان کی جارحانہ کپتانی کو دیکھیں، آپ کو لگے گا ہی نہیں کہ وہ پہلی بار کے کے آر کی قیادت کررہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ پچھلے 3 -4 سیزن سے کپتانی کر رہے ہیں اور یہ بات ان کے خیالات کی وضاحت کے ذریعہ دکھائی دیتی ہے۔ ان کے دماغ میں یہ بات واضح ہے کہ انہیں ایک بلے باز کے طورپر کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی، انہیں معلوم ہے کہ ایک کپتان کے طورپر انہیں اپنی ٹیم کو پلے آف میں پہنچانا اورپھر خطاب دلانا ہے۔ میچ سے قبل اوربعد کے پریس کانفرنس میں انہوں نے جس طرح سے بات کی ہے، وہ مجھے پسند آیا اوراس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ پلان کے تعلق سے بالکل واضح ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ بطور کپتان ایک طویل سفرطے کریں گے۔”ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ایان بشپ نے بھی شاستری کی طرح ہی بات کی۔ شریاس ائیر کو ٹیم کو لگاتار دومیچوں میں شکست ملی ہے اوربشپ چاہتے ہیں کہ یہ ٹیم جیت کے راستے پر واپس آئے۔ بشپ نے ائیر کی بطور کپتان حمایت کی اور کہا کہ ان کے پاس ایک اچھا دماغ ہے اور کے کے آرمیں موجود کچھ تجربہ کار کھلاڑیوں کا تعاون اورحمایت بھی حاصل ہے۔ایان بشپ نے کہا، "مجھے لگتا ہے کہ بیک ٹوبیک شکست جھیلنے کے باوجود شریاس کے لئے اپنی ٹیم کے ساتھ زوردارواپسی کرنا ممکن ہے۔ جب وہ دہلی کیپٹلز کے کپتان بنے تو وہ سیزن در سیزن بہتر اور بہتر ہوتے چلے گئے۔” کے کے آر میں انہیں پیر جمانے میں کچھ وقت لگے گا لیکن اس کے لئے انہیں ٹیم کے کچھ تجربہ کار کھلاڑیوں کی حمایت اورتعاون حاصل ہے۔ آندرے رسل اور سنیل نارائن تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ کوچ برینڈن میک کولم بھی کافی تجربہ کار ہیں۔ اس لیے میرے خیال میں شریاس اپنی ٹیم کوآگےلے جاسکیں گے۔