چامنڈا واس کی سری لنکن ٹیم میں بطور فاسٹ بولنگ کوچ واپسی
کولمبو، اپریل۔سری لنکا کے سابق بلے باز نوید نواز کو سری لنکا کی سینئر مردوں کی ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ نئے مقرر کردہ ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ کے ساتھ کام کریں گے۔ نواز 2020 میں بنگلہ دیش کی انڈر 19 عالمی فاتح ٹیم کے کوچ تھے۔ سری لنکن ٹیم کے ساتھ ان کی تقرری دو سال کے لیے ہوئی ہے۔وہیں سری لنکا کے سابق فاسٹ باؤلر چامنڈا واس کو تیزگیندبازی کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ گزشتہ دس برسوں میں کئی بار اس عہدے پر رہ چکے ہیں۔ انہیں ایک بار پھر یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پئل ویجیٹونگے کو سری لنکن ٹیم کا اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جب کہ منوج ابیوکرما ٹیم کے فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔ یہ تمام کوچ مئی میں سری لنکن ٹیم کو جوائن کریں گے۔اس سے قبل مکی آرتھر کی جگہ نواز کوہی ہیڈ کوچ بنانے کی بات چل رہی تھی لیکن سلور ووڈ کا بین الاقوامی کوچنگ کا تجربہ بھاری پڑا۔نواز نے سری لنکا کے لیے ایک ٹیسٹ اور تین ون ڈے کھیلے ہیں۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 36.27 کی اوسط سے 6892 رنز بنائے ہیں۔ واس آرتھر کی مدت کار میں بھی باؤلنگ کوچ تھے۔ ان کی مدت دسمبر میں ختم ہو گئی تھی جس میں ابھی توسیع نہیں کی گئی تھی۔ اب اس مدت کارمیں توسیع کر دی گئی ہے۔ تاہم اب وہ باؤلنگ کوچ کے بجائے صرف فاسٹ بولنگ کوچ رہیں گے۔