یمن :حضرموت میں جیل سے القاعدہ کے دس قیدی فرار
حضرموت، یمن،اپریل ۔ یمن کے مشرقی صوبہ حضرموت میں ایک جیل میں قید القاعدہ کے دس عسکریت پسند فرار ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق قیدیوں نے جمعرات کی شب دیرگئے سیون شہر کی جیل میں آپس میں جھگڑا کیا تھا جس کے نتیجے میں محافظوں کو مداخلت پر مجبور ہونا پڑا۔جیل حکام نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جب وہ لڑائی جھگڑا ختم کرانے کے لیے بیرکوں میں گئے تو قیدیوں نے ان پر قابو پا لیا اور ان کی کلاشنکوف رائفلیں چھین کراپنے قبضے میں لے لیں اوروہاں سے فرارہونے سے پہلے ان کے ہاتھ باندھ دیے تھے۔انھوں نے مزید کہا،ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ قیدیوں نے جیل کے محافظوں کے ساتھ مل کر فرار ہونے کی یہ سازش تیار کی تھی۔جیل محافظوں نے نہ صرف ان قیدیوں کے ساتھ فرار میں تعاون کیابلکہ باہر سے آنے والے دیگر عسکریت پسندوں کے ساتھ بھی ان کا رابطہ قائم کیا تھا۔واضح رہے کہ جزیرہ نما عرب میں ،یمن میں قائم القاعدہ کی شاخ کوایک طویل عرصے سے اس عالمی نیٹ ورک کی سب سے خطرناک شاخ سمجھا جاتا رہا ہے اور اس نے امریکی سرزمین پربھی حملے کی کوشش کی تھی۔حکام نے بتایا کہ فراریوں کے ناموں کی فہرست سوشل میڈیا پرجاری کر دی گئی ہے تاکہ ان کی گرفتاری میں مددمل سکے۔