اسکاٹ لینڈ میں اگلے ہفتہ سے ماسک کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

گلاسگو ،اپریل۔ اسکاٹ لینڈ میں پبلک ٹرانسپورٹ یا اندرونی عوامی مقامات پر چہرے پر ماسک پہننے کی قانونی پابندی کو اگلے ہفتے ایسٹر سنڈے سے ختم کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں اس پابندی کو 21 مارچ سے ختم کیا جانا تھا لیکن کورونا کی بدتر صورتحال کے پیش نظر اس کو موخر کر دیا گیا تھا، اب ماسک پہننے کی قانونی پابندیوں کو صرف رہنمائی سے بدل دیا گیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرہجوم عوامی مقامات یا پبلک ٹرانسپورٹ پر جہاں تک ممکن ہو چہرے کو ڈھانپنے کی کوشش کریں۔ اسکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے کہا ہے کہ اگرچہ اعدادو شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کورونا کی صورتحال میں خاصی بہتری آرہی ہے لیکن اس کے باوجود اب بھی روزانہ کوویڈ کے 5 ہزار نئے کیسز سامنے آرہے ہیں، ہم سب کو ایک دوسرے کی حفاظت کے لئے حفظان صحت کے اصولوں، صفائی، کوویڈ ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن پر پوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ نکولا سٹرجن کا کہنا تھا کہ ہماری نیشنل ہیلتھ سروس اور ہسپتال ابھی تک شدید دبائو میں ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کے ایک سینئر ڈاکٹر نے کہا کہ کورونا کی وبا کے باعث علاج میں تاخیر ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کی جو ایک طویل لسٹ بن چکی ہے اس کو ختم کرنے میں ابھی کئی سال کا عرصہ درکار ہوگا۔

 

Related Articles