سمندر میں موسکوا بحری جہاز سے دھویں کے بادل۔۔۔ کیئف اور ماسکو کے متضاد دعوے

ماسکو/کیف،اپریل۔روس کے ایک بحری جنگی جہاز کو بحرِ اسود (بلیک سی) میں ایک دھماکے سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے متضاد اطلاعات آ رہی ہیں۔ایک اطلاع کے مطابق بحر اسود میں موجود موسکوا نامی لڑاکا بحری جہاز پر میزائل حملہ ہوا ہے جبکہ دوسری اطلاع کے مطابق جہاز پر لدے اسلحہ کے ذخیرے میں آگ لگنے سے دھماکے ہوئے جن کے بعد جہاز سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے جا رہے ہیں۔ادھر یوکرین کے جنوب مشرقی شہر ماریوبول میں روس اور یوکرینی فوج کے درمیان خونریز لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ روس کی جانب سے اپنے مغربی ہمسایہ ملک یوکرین پر 24 فروری کو کیے جانے والے حملے کو 50 دن مکمل ہو گئے ہیں۔خبر وں کے مطابق جمعرات کو روس کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ موسکوا میزائل کروز میں آگ لگنے کے باعث اسلحہ دھماکہ سے پھٹ گیا۔ روس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ بحری جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے اور آگ لگنے کی وجہ کا پتا لگایا جا رہا ہے۔ روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ بحر اسود میں بحری جہاز میں آگ پر قابو پا لیا گیا اور عملے کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا۔خیال رہے کہ روس نے رواں برس 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کر دیا تھا جس کے بعد لاکھوں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ اس جنگ کے دوران امریکہ اور یورپی اقوام کی جانب سے روس کے خلاف سخت بیانات سامنے آئے اور روس پر معاشی پابندیاں بھی لگائی گئیں۔ بدھ کو امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ روس یوکرین میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے اور اس کے واضح شواہد موجود ہیں۔

 

Related Articles