لیموں کی بڑھتی قیمتیں: چور گودام سے 60 کلو لیموں چْرا کے بھاگ کھڑے ہوئے
شاہ جہاں پور،اپریل۔ اترپردیش کے شہر شاہ جہاں پور میں انتہائی عجیب واقعہ پیش آیا جہاں چور کوئی قیمتی زیور یا نقدی لے جانے کے بجائے لیموں چْرا لے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چور سبزیوں کے گودام سے ناصرف مہنگی قیمت والے لیموں بلکہ دیگر سبزیاں بھی لے گئے جن کی قیمتیں ان دنوں بھارت میں کافی زیادہ ہیں۔گودام کے مالک منوج کیشپ کے مطابق چور 60 کلو لیموں، 40 کلو پیاز اور 38 کلو لہسن لے کر فرار ہوگئے۔مالک نے بتایا کہ اتوار کی صبح جب وہ سبزی منڈی پہنچا تو دیکھا کہ گودام کا تالا ٹوٹا ہوا تھا اور سبزیاں سڑک پر بکھری پڑی تھیں تاہم چوری کی اطلاع ملتے ہی وہاں دیگر سبزی فروش جمع ہوگئے اور حیرانی کا اظہار کیا۔واقعے پر پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے سے آگاہ ہیں اور جلد ہی چوروں کا سراغ لگایا جائے گا۔واضح رہے کہ بھارت میں لیموں کی قیمتوں میں حالیہ ہفتوں میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہوا ہے، لکھنؤ میں لیموں 325 روپے فی کلو گرام اور 13 روپے فی پیس کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔