عرفان بیٹے سے 10 گنا زیادہ محنت کرتے تھے: ستاپا سکدر
ممبئی،اکتوبر۔بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی اہلیہ ستاپا سکدر نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے بابیل سے کہتی ہیں کہ اْن کے والد اْن سے 10 گنا زیادہ محنت کرتے تھے۔میڈیا رپوٹس کے مطابق اداکار عرفان خان کی اہلیہ ستاپا سکدر نے ایک شو کے دوران اپنے شوہر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح عرفان خان لوگوں سے بات کرتے تھے تو اْس کی وجہ سے لوگ ہمیشہ اْن کی عزت کرتے تھے اور اْنہیں ایک ایماندار شخص کہتے تھے۔‘ستاپا سکدر نے کہا کہ ’عرفان خان کی لوگوں سے کہی گئیں تمام باتیں معنی خیز ہوتی تھیں جس کی وجہ سے اْنہیں کافی پسند کیا جاتا تھا۔‘اْنہوں نے کہا کہ ’میں نے کئی لوگوں سے بیشمار مرتبہ یہ سْنا ہے کہ عرفان خان نے واقعی کبھی اداکاری نہیں کی بلکہ اْن کا ہر کردار حقیقی لگتا تھا۔‘اداکار کی اہلیہ نے کہا کہ ’میں نے اپنی پوری زندگی میں کسی آدمی کو اتنی محنت کرتے نہیں دیکھا، یہاں تک کہ میرا بیٹا جوکہ اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلنے کے لیے تیار ہے وہ مجھ سے اپنے والد کے کام کے بارے میں پوچھتا ہے تو میں یہی کہتی ہوں کہ تمہارے والد تْم سے 10 گنا زیادہ محنت کرتے تھے۔‘خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے، عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔