وزیراعظم نے یوکرین کو مزید 100 ملین ڈالر کا اسلحہ دینے کا اعلان کردیا

لندن ،اپریل۔ وزیراعظم بورس جانسن نے یوکرین کے ریلوے اسٹیشن پر روس کی بہیمانہ بمباری کے بعد یوکرین کو مزید 100ملین ڈالر کا اسلحہ دینے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ اسٹار اسٹریک اور اینٹی کرافٹ میزائل اور 800ٹینک شکن سمیت دیگر اسلحہ یوکرین بھیجے گا۔ جرمن چانسلر اولف شولز کے ساتھ ڈائوننگ اسٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بورس جانسن نے روس کو متنبہ کیا کہ وہ کراماٹورسک اسٹیشن پر بمباری پر سزا سے نہیں بچ سکے گا۔ انھوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ فرار ہوتے ہوئے پناہ گزینوں پر آج صبح روس کے حملے کے بارے میں برطانیہ اور جرمنی کے اس بارے میں ایک ہی خیال ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں پر حملہ جنگی جرم ہے اور یوکرین میں روس کے جنگی جرم کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور روس اس پر سزاسے نہیں بچ سکے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ ہدف کا نشانہ بنانے والیآسمان تک جانے والا اسلحہ، زیادہ ہیلمٹ، زرہ بکتر اور رات کو دیکھنے والی عینک فراہم کرے گا۔ وزیر دفاع بین ویلس نے کہا کہ برطانیہ یوکرین کو روس سے لڑنے کیلئے اسلحہ شکن ماسٹف گاڑیاں فراہم کرے گا، ماسٹف گاڑیاں بھاری اسلحہ سے لیس ہیں، جو سڑکوں پر گشت کرنے اور کانوائے کیلئے مناسب ہے۔ یہ گاڑیاں حساس اسلحہ سے لیس ہیں اور برطانوی فوجیں ایک پڑوسی ملک میں اس کی تربیت فراہم کریں گی۔ دفتر خارجہ نے پیوٹن کی صاحبزادیوں کیٹرینہ اور ماریا کے خلا ف نئی پابندیاں عائد کردی ہیں، ان کے اثاثے منجمد کردیئے گئے اور ان کے سفر پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔ وزیر خارجہ لز ٹرس کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے پیوٹن حکومت سے فائدہ اٹھانے والوں کو نتائج بھگتنے ہوں گے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی بیٹی 39سالہ Yekaterina Sergeyevna Vinokurova پر بھی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ لز ٹرس نے کہا کہ برطانوی حکومت چاہتی ہے، پیوٹن کے اتحادیوں کو اس لڑائی کیلئے فنڈنگ کرنے سے روک دیا جائے۔ برطانوی حکومت نے روس کے 275 بلین کے غیر ملکی کرنسی کی ذخائر، جو کہ اصل ذخائر کے 60فیصد کے مساوی ہیں، منجمد کردیئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پابندیوں کے گہرے اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ 1,200سے زیادہ افراد اور تاجر برطانیہ کے ہدف پر ہیں، جن میں چیلسی ایف سی کے مالک رومن ابرامووچ اور لاوروف کی سوتیلی بیٹی پولینا کووالیوا شامل ہیں۔

 

 

Related Articles