واشنگٹن سندر انجری کے باعث اگلے چند میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں

ممبئی، اپریل۔سن رائزرس حیدرآباد کے کوچ ٹام موڈی نے انکشاف کیا ہے کہ واشنگٹن سندر شاید اگلے دو میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ ان کے دائیں ہاتھ کی دو انگلیوں کے درمیان میں چوٹ لگی ہے۔ حیدرآباد کی ٹیم کے لیے واشنگٹن کلیدی اسپن گیند باز ہیں۔ پہلے میچ میں خراب کارکردگی کے بعد واشنگٹن نے اب تک مجموعی طور پر 11 اوورز کرائے ہیں اور 63 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔ پہلے میچ میں راجستھان کے بلے بازوں نے ان کے خلاف کافی رنز بنائے تھے۔ اس میچ میں واشنگٹن نے تین اوورز میں 47 رنز دیے تھے۔ پیر کو اپنی انگلیوں میں لگی اس چوٹ کی وجہ سے واشنگٹن اپنا اسپیل بھی مکمل نہیں کر سکے۔ انہوں نے اس میچ میں تین اوور ڈالے اور صرف 14 رنز دیے۔ ان تین میں سے دو اوور انہوں نے پاور پلے کے دوران ڈالے تھے۔ واشنگٹن کے اس اسپیل کی وجہ سے گجرات ٹائٹنز کا اسکور بورڈ خاموش رہا۔ موڈی نے کہا، واشنگٹن کے انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کے درمیان میں چوٹ لگی ہے۔ ہم اگلے دو تین دنوں تک دیکھیں گے کہ یہ کتنی سنگین ہے۔ امید ہے کہ یہ کوئی سنگین چوٹ نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اسے ٹھیک ہونے میں شاید ایک یا دوہفتے لگیں گے۔ واشنگٹن پہلے بھی انجری سے پریشان رہے ہیں۔ فروری میں ہوئے انڈیا-ویسٹ انڈیز ٹی20 سیریز میں وہ ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے نہیں کھیل پائے تھے۔ وہیں آئی پی ایل 2021 کے دوسرے حصے میں بھی وہ انگلیوں کی چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ لیگ اسپنر شریئس گوپال اور بائیں ہاتھ کے اسپن آل راؤنڈر جے سوچیت دو ممکنہ آپشن ہیں، جنہیں سن رائزرز آنے والے میچوں میں اپنی ٹیم میں شامل کر سکتے ہیں۔ ان کے پاس عبدالصمد بھی ہیں، جنہیں حیدرآباد کی ٹیم نے برقرار رکھا تھا، جو پارٹ ٹائم لیگ اسپن بولنگ کرسکتے ہیں۔ تاہم صمد کو بطور اسپن باؤلر شامل کرنا ایک بڑاداؤ ثابت ہو سکتا ہے۔

 

Related Articles