ہیمش بینیٹ کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
ویلنگٹن، اپریل۔نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ہیمش بینیٹ نے کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ بینیٹ نے منگل کے روز اپنے 17 سالہ طویل پیشہ ورانہ کرکٹ کیریئر کو الوداع کہتے ہوئے کہا کہ 2021-22 کا سیزن ان کا آخری ہوگا۔ 35 سالہ بینیٹ نے تینوں فارمیٹس میں نیوزی لینڈ کے لیے 31 میچ کھیلے ہیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں وہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی کھیلتے ہوئے نظرآئے تھے۔ تیز گیند باز نے کہا، جب میں نے تیمارو میں نیٹس میں گیندبازی کرنے والے ایک نوجوان بچے کے طور پر شروعات کی تھی، تو میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں اتنے بڑے کیریئر سے لطف اندوز ہوں گا۔ اولڈ بوائز تیمارو کرکٹ کلب کی طرف سے، جس نے ابتدا میں مجھے کرکٹ میں شامل کیا، تیمارو بوائز ہائی اسکول، ساؤتھ کینٹربری کرکٹ، کینٹربری کرکٹ، کرکٹ ویلنگٹن اور نیوزی لینڈ کرکٹ، ساتھ ہی دیگر تمام شاندار کلب، جن کے لئے میں کئی برسوں تک کھیلا، ان سب نے میرے خواب کو پورا کرنے میں میری مدد کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ بینیٹ نے کہا، میں اتنے عظیم کھلاڑیوں، کپتانوں اورکوچوں کے ساتھ کام کرنے اورکھیلنے کے لئے خود کو بہت خوش قسمت سمجھتاہوں اورمیں ان سب کا برسوں سے ان کی حمایت کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔ یہ یادیں اور تجربات ایسے ہیں، جنہیں میں سنبھال کر رکھوں گا اورپوری زندگی ان کے بارے میں کہانیاں سناوں گا۔