راج ناتھ نے پڑوس اور بحر ہند خطہ کی صورت حال کا جائزہ لیا
نئی دہلی، اپریل وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے اور وزیر دفاع ایس جے شنکر نے اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ پڑوسیوں اور بحر ہند خطے کی صورت حال کا بغور جائزہ لیا۔مسٹر سنگھ نے پیر کو دیر رات امریکہ کے وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کے ساتھ واشنگٹن میں چوتھے ٹو پلس ٹو وزارت سطحی مذاکرات کے بعد منگل کو ٹوئٹ کرکے کہاکہ ان کی گفتگو بہت وسیع اور بامعنی رہی۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران ہم نے پاس پڑوس اور بحر ہند خطے کی صورت حال کا جائزہ لیا۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہندستان اور امریکہ کے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دی جارہی ہے اور اسے پہلے سے مضبوط بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے شعبے میں کام کرنے کے لیے یہ میٹنگ بہت اہم ثابت ہوگی۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارا مسلسل بڑھتا تعاون دنیا میں امن وامان، تحفظ اور آزاد ماحول بنانے میں انتہائی اہم ہوگا۔انہوں نے ٹو پلس ٹو مذاکرات سے پہلے امریکی وزیر دفاع کے ساتھ دو فریقی میٹنگ میں دونوں فریقوں اور عالمی اہمیت کے حامل موضوعات پر تفصیل سے بات چیت کی۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے امریکی کمپنیوں سے ہندستان میں اترپردیش اور تمل ناڈو کے دفاعی گلیاروں میں تعاون اور حصہ داری کی بھی گزارش کی ہے۔