وزیراعظم مودی نے بنگلورو میں کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا
بنگلورو، نومبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کرناٹک میں 2023 کے اسمبلی انتخابات سے قبل ثقافتی اور سیاسی مضمرات کے حامل انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔مسٹر مودی ہوائی اڈے سے سنت کنک داس کے یوم پیدائش پر ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرنے کے لیےودھان سودھا گئے۔ کنک داس جینتی کروبا برادری کے لیے ایک بہت اہم تہوار ہے۔ کنک داس ایک فلسفی تھے اور انہوں نے برادری کے مظلوم طبقے کی مساوات اور ترقی کے پیغام کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا۔مسٹر مودی نے رشی والمیکی کے مجسمے پر بھی گلہائے عقیدت نذر کئے۔مجسموں پر گلہائے عقیدت نذر کرنے کے بعد مسٹر مودی سڑک کے ذریعے کرانتی ویر سنگولی رائینا ریلوے اسٹیشن پہنچے اور چنئی-میسور وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی۔ یہ ملک کی پانچویں وندے بھارت ایکسپریس ٹرین ہے اور جنوبی ہندوستان کی پہلی ٹرین ہے۔ یہ ٹرین میسور میں سیاحت کو فروغ دینے میں بھی کردار ادا کرے گی۔مسٹر مودی نے بنگلورو کے ایس آر ریلوے اسٹیشن سے بھارت گورو کاشی یاترا ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔ وزیر اعظم نے کرانتی ویر سنگولی رائینا ریلوے اسٹیشن کے باہر سڑک کے دونوں طرف کھڑے لوگوں کا استقبال وصول کیا۔وزیر اعظم نے کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 2 کا بھی افتتاح کیا جو تقریباً 5000 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا اور کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 108 فٹ کانسی کے کیمپے گوڑا مجسمہ (خوشحالی کا مجسمہ) کی نقاب کشائی کی۔اس سے قبل مسٹر مودی کا ایرپورٹ پر کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت اور وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے استقبال کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر پرہلاد جوشی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔