بہن کی موت کے بعد ہرشل آئی پی ایل بائیو ببل سے باہر
ممبئی، اپریل ۔ رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے تیز گیند باز ہرشل پٹیل اپنی بہن کے انتقال کی وجہ سے آئی پی ایل کے بائیو ببل سے باہر ہو گئے ہیں۔ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق وہ ہفتہ کو ممبئی انڈینز کے خلاف میچ کے بعد اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے بائیو بلبل سے باہر گئے تھے، حالانکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ہرشل کب تک دستیاب نہیں رہیں گے، تاہم یہ ضرور کہا جارہا ہے وہ منگل کو ہونے والے چنئی سپر کنگز (سی ایس کے ) کے خلاف میچ میں نہیں کھیل سکیں گے۔ انہیں دوبارہ آئی پی ایل بائیو بلبل میں واپس آنے کے لیے کم از کم تین دن قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔ گزشتہ دو سیزن سے ہرشل نے ڈومیسٹک کرکٹ سمیت آئی پی ایل میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے اور ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ پچھلے آئی پی ایل سیزن کے پرپل کیپ ہولڈر گیند باز ہرشل نے اس سال بھی اچھی شروعات کی ہے۔ انہوں نے چار میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ مجموعی طور پر، انہوں نے آئی پی ایل کے 67 میچوں میں 84 وکٹیں حاصل کیں۔ 2021 میں، انہوں نے 14.34 کی شاندار اوسط سے 32 وکٹوں کے ساتھ پرپل کیپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ ڈیتھ اوورز میں ان کے نام 19 وکٹیں تھیں۔ ان کی عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے آر سی بی نے انہیں اس سیزن میں برقرار نہیں رکھا، تاہم فروری میں ہونے والی میگا نیلامی میں انہیں 10.75 کروڑ روپے میں ٹیم میں شامل کیا گیا۔ 31 سالہ ہرشل نے گزشتہ سیزن کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹی 20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔ وہ اب تک آٹھ ٹی 20انٹرنیشنل میچوں میں 11 وکٹیں لے چکے ہیں۔