آسٹریلیا میں حادثے کاشکار ہونے والی فیملی غلط وقت پر غلط جگہ پرتھی
لندن ،اپریل۔آسٹریلیا میں کام کرنے والے ایک ٹورسٹ گائیڈ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں حادثے کا شکار ہونے والی فیملی غلط وقت پر غلط جگہ پر تھی۔ اس حادثے میں 49 سالہ مہراب نذیر اور اس کا 9 سالہ بیٹا موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اس کی اہلیہ کی حالت نازک ہے اور سرجری کے بعد اس کے 14 سالہ بیٹے کی حالت اب بہتر ہے۔ ٹور گائیڈ گراہام چیپ مین کا کہنا ہے کہ یہ لینڈسلائیڈ بلیو مائونٹین پر عام ہے۔ آسٹریلیا میں ہلاک ہونے والے نذیر وکلا کی ایک فرم کے پارٹنر ہیں، جو سنگاپور سے کام کرتے ہیں، جہاں ایک عشرہ قبل ان کی فیملی چلی گئی تھی۔ ان کی فرم واٹسن فارلے اور ولیمز کا کہنا ہے کہ وہ بہت اچھے دوست اور ساتھی تھے اور فرم ان کو تادیر یاد رکھے گی۔ پیر کی سہ پہر کو لینڈ سلائیڈ کے سبب مرحوم کی ہلاکت کے بعد ان کی 15 سالہ لڑکی نے شور مچایا تھا، اب اس لڑکی کو ہسپتال میں آبزرویشن میں رکھا گیا ہے۔ دونوں باپ بیٹوں کی لاشیں منگل کی صبح 09:30 بجے پہاڑوں سے ونٹ ورتھ آبشار کے قریب سے برآمد کرلی گئی تھیں۔گائیڈ کا کہنا ہے کہ میں نے یہاں بہت سی فیملیز کو دیکھا تھا، سب کو پہچاننا مشکل ہوتا ہے، یہاں پہاڑوں پر پلک جھپکتے تبدیلی ہوجاتی ہے، افسوس کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی فیملی کے ساتھ یہ المیہ ہوگیا۔ گائیڈ نے بتایا کہ ان لوگوں کی مرنیکی خبر سن کر میں بہت رویا۔ اس نے کہا کہ ہم تو اپنی سرحد کھول دیتے ہیں، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ فیملی زرتشت فرقے سے تعلق رکھتی تھی۔ آسٹریلیا میں زرتشت ایسوسی ایشن نیو سائوتھ ویلز کے صدر زوبن اپو نے کہا ہے کہ اس المئے سے ہر ایک کو دکھ پہنچا ہے اور ہماری کمیونٹی ان کی ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہے۔