سنجے دت کا ابتدائی علاج بھارت میں شروع
ممبئی، بولی وڈ سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبروں کے ساتھ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ وہ علاج کے لیے جلد امریکا چلے جائیں گے تاہم اب ان کی اہلیہ منائتا دت نے تصدیق کی ہے کہ سنجے دت ابتدائی علاج بھارت میں کروائیں گے۔چند روز قبل اب میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ممبئی کے ہسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ہیں۔اور انہیں لیلاوتی ہسپتال اور کوکیلا بین ہسپتال جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق منگل کی شام کو سنجے دت کو کوکیلا بین ہسپتال جانے سے چند منٹ قبل ان کی رہائش گاہ کے باہر دیکھا گیا، جہاں ان کے ساتھ دونوں بہنیں پریا اور نمرتا جبکہ اہلیہ منائتا دت بھی موجود تھیں۔ہسپتال جاتے وقت اپنی گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے سنجے دت نے کہا تھا کہ ‘میرے لیے دعا کریں’۔جس کے بعد ان کی اہلیہ منائتا دت نے سنجے دت کی گھر سے کوکیلا بین ہسپتال روانگی کی بعد بھارت میں علاج شروع کروانے کی تصدیق کی۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی اہلیہ منائتا دت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میں ان تمام برسوں میں سنجو کے تمام مداحوں اور خیرخواہوں کی محبت اور گرم جوشی کی مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ سنجو کی زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے لیکن آپ کی حوصلہ افزائی اور تعاون کی مدد سے ہر مشکل مرحلہ پار کیا اور اس کے لیے ہم ہمیشہ آپ کے شکر گزار رہیں گے۔منائتا دت نے کہا کہ اب ایک اور چیلنج کے لیے ہماری آزمائش جاری ہے اور میں جانتی ہوں کہ اسی محبت کی وجہ سے سنجے دت یہ وقت بھی گزار دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک خاندان کے طور پر ہم نے اس کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جتنا ممکن ہوگا ہم اپنی زندگی کو معمول کی طرح مسکراہٹ کے ساتھ گزارنے جارہے ہیں کیونکہ یہ ایک سخت لڑائی اور طویل سفر ہوگا۔منائتا دت کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی منفی چیز کے بغیر سنجو کے لیے ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس مشکل وقت میں ہسپتال میں گھر میں قرنطینہ کی وجہ سے سنجو کا ساتھ دینے سے قاصر ہوں جو چند روز میں ختم ہوجائے گا۔سنجے دت کی اہلیہ نے کہا کہ ہر جنگ میں ایک مشعل بردار ہوتا ہے اور کوئی ایسا ہوتا ہے جو قلعہ سنبھالتا ہے، لہذا پریا جنہوں نے 2 دہائیوں سے زائد عرصے تک ہمارے خاندان کی کینسر فاؤنڈیشن کے لیے کام کیا ہے اور انہوں نے اپنی والدہ کو بیماری کی جنگ لڑتے دیکھا وہ ہماری مشعل بردار ہیں جبکہ میں قلعہ سنبھالوں گی۔انہوں نے کہا کہ سنجے دت اپنا ابتدائی علاج ممبئی میں مکمل کرائیں گے اور پھر کورونا وائرس کے صورتحال بہتر ہونے پر ہم سفر کا ارادہ کریں گے۔منائتا دت کا کہنا تھا کہ سنجو اس وقت کوکیلا بین ہسپتال کے ڈاکٹروں کے بہترین ہاتھوں میں ہیں۔سنجے دت کی اہلیہ نے کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر سب سے گزارش کرتی ہوں کہ ان کی بیماری کے مرحلے کی قیاس آرائیاں بند کریں اور ڈاکٹروں کو اپنا کام جاری رکھنے دیں، ہم آپ کو باقاعدگی سے پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنجو صرف میرے شوہر اور ہمارے بچوں کے والد نہیں بلکہ وہ اپنے والدین کو کھونے کے بعد انجو اور پریا کے لیے ان کے والد کی جگہ ہیں۔ یاد رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست کے دن سانس لینے کی شکایت پر ممبئی کے نجی لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور 2 روز بعد 10 اگست کو انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکر مند ہونے یا غیر ضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔جس کے بعد اسی روز میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کے لیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔ان کی بیماری کے حوالے سے اہلیہ منائتا دت کا بھی بیان سامنے آیا تھا تاہم سنجے یا منائتا دت میں سے کسی نے بھی اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں دی۔سنجے دت کی بیماری کی خبروں کے بعد رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو سنجے دت کے گھر سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔اداکار سنجے دت نے حال ہی میں 61 ویں سالگرہ منائی تھی اور مستقبل قریب میں وہ سڑک 2، بھوج اور تربوز نامی فلموں میں نظر آئیں گے جبکہ ان کی فلم کے جی ایف ٹو کی شوٹنگ بھی جاری تھی۔جس کے بعد ان کی فلم کے جی ایف ٹو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کارتھک گوڈا نے بتایا تھا کہ سنجے دت ‘3 ماہ بعد’ فلم مکمل کریں گے۔دوسری جانب ان کی فلم ‘ سڑک 2’کا ٹریلر بھی ریلیز ہوچکا ہے جس نے ناکامی کا نیا اعزاز اپنے نام کرلیا اور اس کے ٹریلر کی ویڈیو بھارت میں ناپسند کی جانے والی یوٹیوب کی پہلی ویڈیو بن گئی۔علاوہ ازیں سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیونکہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے اور ان کی فلموں پر مجموعی طور پر فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں۔