حیدرآباد کے زو میں جانوروں کو گرمی سے محفوظ رکھنے پنجروں کے پاس ایر کولرس لگائے گئے

حیدرآباد۔ اپریل۔موسم گرما میں جانوروں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لئے تلنگانہ کے دارالحکومت شہر حیدرآباد کے مشہور نہرو زوالوجیکل پارک کے انتظامیہ کی جانب سے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ہر سال کی طرح اس سال بھی جانوروں کو دھوپ کی شدت سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے ان کے پنچروں کے سامنے کولرس لگائے گئے ہیں اور وقفہ وقفہ سے پائپ کے ذریعہ پانی کا چھڑکاو کیاجارہا ہے۔علاوہ ازیں پرندوں کو بھی گرمی سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔یہ انتظامات ہر سال جون کے وسط تک جاری رہتے ہیں۔گزشتہ برسوں کی طرح جاریہ سال بھی جون کے وسط تک یہ انتظامات جاری رہیں گے۔جانوروں کے پنجروں اور انکلوژرس کے سامنے کولرس نصب کئے گئے ہیں۔ان میں بندر،شیر،ببر،تیندوے اور دیگر جانورشامل ہیں۔علاوہ ازیں جانوروں کو گرما میں ٹھنڈک پہنچانے کے لئے تربوز اور دیگر ٹھنڈی اشیا غذا کے علاوہ فراہم کی جارہی ہیں تاکہ ان جانوروں کے جسم میں وٹامن کا اضافہ کیاجاسکے اور ان کو اسہال سے روکا جاسکے۔ان جانوروں کے پنجروں کے اطراف خس کی ٹٹیاں بھی لگائی گئی ہیں جن پر وقفہ وقفہ سے پانی ڈالا جارہا ہے تاکہ ان جانوروں کو ٹھنڈک پہنچائی جاسکے۔

Related Articles