2022 فیفا ورلڈ کپ کا شیڈول جاری

دوحہ، اپریل۔ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے ڈرا کا اعلان کرنے کے بعد بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن (فیفا) نے ہفتہ کو ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کیا۔ یہ ٹورنامنٹ 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر کے آٹھ اسٹیڈیمز میں کھیلا جائے گا۔ مشرق وسطیٰ کے کسی ملک کے لئے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کا یہ پہلاموقع ہے۔ پہلے روز چار میچ ہوں گے۔ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان البیت اسٹیڈیم میں پہلے میچ کے ساتھ ٹورنامنٹ کاآغاز ہوگا۔ اسی دن انگلینڈ اور ایران، سینیگل اور نیدرلینڈ و امریکہ اور یورپی پلے آف (ویلز/اسکاٹ لینڈ/یوکرین) جیت کر آنے والی ٹیم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ لیونل میسی کی قیادت والی ارجنٹینیائی ٹیم 22 نومبر کو سعودی عرب کے خلاف مقابلے سے اپنی مہم کی شروعات کرے گی۔ اسی دن رابرٹ لیوینڈوسکی کاپولینڈ میکسیکو سے مقابلہ ہوگا، جب کہ 24 نومبر کو کرسٹیانو رونالڈو کا پرتگال اپنے پہلے میچ میں گھانا کے سامنے ہوگا۔ دفاعی چیمپئن فرانس 22 نومبر کو انٹر کانٹینینٹل پلے آف فاتح (آسٹریلیا/یو اے ای/پیرو) سے کھیلے گا، جب کہ اسپین اور جرمنی کے درمیان مقابلہ 27 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا راؤنڈ آف 16مرحلہ 3 سے 6 دسمبر کے درمیان ہوگا، اس کے بعد 9 اور 10 دسمبر کو کوارٹر فائنل اور 13 و 14 دسمبر کو سیمی فائنل مقابلے ہوں گے۔

Related Articles