گریم تھورپ افغانستان کے نئے ہیڈ کوچ مقرر
لندن، مارچ ۔گریم تھورپ کو افغانستان کی مرد ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں ایشز میں کراری شکست کے بعد انگلینڈ کے اسسٹنٹ کوچ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔انگلینڈ کے لیے 100 ٹیسٹ کھیلنے والے تھورپ کو جنوبی افریقہ کے لانس کلوزنر کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ کلوزنر دو سال کی مدت کے بعد نومبر میں اپنے عہدے سے ہٹ گئے تھے۔ ان کے جانے کے بعد بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے سابق کوچ اسٹورٹ لا کو عبوری کوچ بنا دیا گیا۔افغانستان کا ہیڈ کوچ بننے کے لیے مصباح الحق اور اظہر محمود بھی مدمقابل تھے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے ایک پریس ریلیز میں کہا ’’اے سی بی نے نئے ہیڈ کوچ کے انتخاب کے لیے بھرتی کا عمل شروع کیا تھا، جس میں گریم تھورپ کو اس عہدے کے لیے بہترین دستیاب امیدوار کے طور پر منتخب کیا گیا تھا‘‘۔اس تقرری سے تھورپ بین الاقوامی کوچنگ میں تیزی سے واپسی کر رہے ہیں، جو انگلینڈ کی کاؤنٹی ٹیم مڈل سیکس کے کوچ بنے کی دوڑ میں شامل تھے۔ تھورپ ایک دہائی سے زائد عرصے تک انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ تھے لیکن اسسٹنٹ کوچ کے طور پر ان کا کردار اس سال کے شروع میں متنازعہ حالات میں ختم ہو گیا۔ایشز میں انگلینڈ کی 4-0 سے شکست کے بعد انہیں ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ اور انگلینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر ایشلے جائلز کے ساتھ برطرف کر دیا گیا تھا۔ہوبارٹ میں پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کی شکست کے بعد تھورپ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کئی کھلاڑیوں کے ساتھ شراب پی رہے تھے۔ انہیں روکنے کے لیے صبح سویرے پولیس کو بلانا پڑا۔ مبینہ طور پر تھورپ کے انڈور اسپیس میں سگار جلانے کی وجہ سے پولیس کو بلایا گیا تھا، جو تسمانیہ میں قانون کے خلاف ورزی ہے۔