قطر کا کولنگ سسٹم فیفا ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا: لوئس گارسیا

نئی دہلی، مارچ۔ ہسپانوی فٹ بال لیجنڈ لوئس گارسیا کا خیال ہے کہ اس سال کے آخر میں قطر میں ہونے والا 2022 ورلڈ کپ شائقین کو معیاری فٹ بال دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ انگلش پریمیئر لیگ (ای پی ایل) کلب لیورپول اور اسپینش کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ کے سابق ونگر لوئس گارسیا 2022 فیفا ورلڈ کپ کے منتظر ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں فیفا ورلڈ کا انعقاد پہلی بارہونے جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 21 نومبر سے ہوگا اور فائنل 18 دسمبر کو ہوگا۔ ورلڈ کپ میچوں کی میزبانی آٹھ مقامات پرہوگی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر میں ایڈوانس کولنگ ٹیکنالوجی ہے جو درجہ حرارت کو کم اور آرام دہ رکھتی ہے۔ گارسیا، جو ماضی میں قطر کا سفر کر چکے ہیں، نے کہا کہ ایڈوانس کولنگ ٹیکنالوجی ایک انقلابی آئیڈیا ہے جو کھلاڑیوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ گارسیا نے کہا، ہاں، یقیناً۔ اگر کھلاڑیوں کو میدان میں اترنا ہے تو ان کے لیے ایسا کرنے کے لیے بہترین حالات کا ہونا ضروری ہے۔ اور پھر قطر میں ایسا کرنے کا واحد طریقہ درجہ حرارت کو نیچے لانا ہے۔ گارسیا حال ہی میں بارسلونا بوس زاوی ہرنانڈیز سے جڑے میچز دیکھنے کے لیے قطر میں تھے اور اس دوران انہوں نےکولنگ ٹیک کا تجربہ کیاتھا۔ زاوی اس وقت قطری کلب السعد کے کوچ تھے۔ گارسیا نے انکشاف کیا کہ ورلڈ کپ اسٹیڈیمز کے اندر کا درجہ حرارت کئی مواقع پر کافی کم تھا اوراس وجہ سے انہیں سردی کا احساس ہورہا تھا۔

 

Related Articles