ساگرمالا پروجیکٹ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے: سونووال
نئی دہلی، مارچ۔بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں کے وزیر سربانند سونووال نے جمعہ کو کہا کہ ملک کی تجارت کو بڑھانے کے لیے دنیا میں رشتے، شناخت اور مقام بنانا ہوگا اور اس کے لیے جہاز رانی اور آبی نقل و حمل کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔یہاں ساگرمالا پروجیکٹ کے سات سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ایک پروگرام میں مسٹر سونووال نے کہا کہ اس کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے بندرگاہوں، جہازوں اور آبی گزرگاہوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت اس سمت میں بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے اور ساگرمالا کی ترقی کے ذریعے یہ کاروبار میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے بہتر مواقع فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ساگرمالا پروجیکٹ میں اس طرح کام کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان کے جہاز، بندرگاہیں اور آبی گزرگاہیں عالمی معیار کے مطابق مسابقتی بن سکیں۔ پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے ساگرمالا پروجیکٹ کو آگے لے جانے کی پہل کی گئی ہے۔ نجی۔حکومت شراکت داری سے اہلیت میں اضافہ ہوگا۔ ہمیں مل کر محنت کرنا ہوگی تب ہی سب کو ترقی کا فائدہ ملے گا۔مسٹر سونووال نے کہا کہ ساگرمالا پروجیکٹ کے تحت بہت سے معاہدے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے نوجوان قوت کو بااختیار بنانا ہوگا۔ نوجوانوں کو بااختیار بنا کر طے شدہ اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔اس موقع پر ساگرمالا موبائل ایپ لانچ کی گئی۔ ساگرمالا کوسٹل اور واٹر ویز کارگو فیسیلیٹیشن سینٹر کے حوالے سے مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر کئی اور معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔اس موقع پر بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر مملکت مسٹر پد نائک اور شانتنو ٹھاکر اور وزارت کے سینئر افسران موجود تھے۔