پہلی مرتبہ دیکھنے میں فلم 83 مجھے متاثر نہ کرسکی، کپل دیو
ممبئی،مارچ۔بھارتی کرکٹر کپل دیو نے 1983 کرکٹ ورلڈکپ کی کامیابی اور اس میں ٹیم کی جدوجہد دِکھانے کے لیے بنائی گئی فلم 83 سے متعلق کہا کہ پہلی مرتبہ دیکھنے میں یہ فلم انہیں متاثر نہ کرسکی۔ کبیر خان کی اس فلم میں سابق بھارتی کپتان کپل دیو کا کردار اداکار رنویر سنگھ نے نبھایا تھا جبکہ فلم کی کہانی 1983 کرکٹ ورلڈکپ کھیلنے والی بھارتی ٹیم سے متعلق تھی۔ایک انٹرویو کے دوران کپل دیو نے فلم سے متعلق اپنا تجربہ بیان کیا، انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ اس کا پہلا پرنٹ نہیں دیکھیں گے، بلکہ سیدھا اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہمراہ فلم دیکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں فلم کا پہلا پرنٹ اس وقت دیکھنے کو ملا جب وہ سعودی عرب میں سابق کرکٹر مہندر امرناتھ کے ساتھ موجود تھے، دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر فلم دیکھی۔ کپل دیو نے بتایا کہ جب انہوں نے دوسری مرتبہ یہ فلم دیکھی تو ان کے آنسو نہیں رک رہے تھے، جبکہ تیسری مرتبہ تو فلم پوری نہ دیکھ سکے تھے اور اٹھ کر چلے گئے تھے اور سوچا کہ ’کیا فلم ہے، ایسا کھیلے تھے ہم۔‘اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ کبیر، رنویر اور ان کی ٹیم نے بہترین کام کیا ہے۔ کپل دیو نے کہا کہ ساتھیوں کے ہمراہ فلم دیکھ کر آپ کو سب یاد آجاتا ہے وہ سب کچھ جو آپ نے کیا۔ سابق بھارتی کپتان نے یہ بھی بتایا کہ فلم 100 فیصد تو سچ نہیں، لیکن 90 فیصد سے زائد درست ہے۔ کردار بدلے ہیں، سینز بدلے ہیں، لیکن کہانی تبدیل نہیں ہوئی ہے۔