یوگی تاریخ رقم کریں گے، پچاس ہزار سے مہمان تاجپوشی کے شاہد بنیں گے
لکھنو، مارچ۔ تقریباً 37 سال کے طویل وقفہ کے بعد مسلسل دوسری بار وزیراعلی کے عہدہ کا حلف لیکر تاریخ رقم کرنے جارہے یوگی آدتیہ ناتھ کی تاجپوشی کے جمعہ کو یہاں وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا سمیت پچاس ہزار سے زیادہ مہمان شاہد بنیں گے۔حلف برداری کی تقریب سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان اٹل بہاری واجپئی اکانا اسٹیڈیم میں 25مارچ کو شام چار بجے شروع ہوگی۔ اس پروگرام کو شاندار بنانے کیلئے بی جے پی اور انتظامیہ نے مکمل طاقت لگا دی ہے۔ پروگرام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے علاوہ کوئی مرکزی وزراء اور بی جے پی کے سینئر عہدیدار موجود رہیں گے۔راجدھانی لکھنو کو اس خا ص موقع کے لئے خا ص طورپر سجایا گیا ہے۔ ترنگے کی روشنی سے سجے چوک چوراہے، دکانوں پر بھگوا رنگ سے لہراتے جھنڈے، وزیراعظم نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کے بڑے بڑے کٹ آوٹ، پھولوں سے سجے منجدر بی جے پی کثیر اکثریت کی حکومت کی تصدیق کرتے نظر آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ اجودھیا، وارانسی، متھرا سمیت دیگراضلاع میں بھی یہی نظارہ نظر آرہا ہے۔ لکھنو کے تمام مندروں میں جمعہ کی صبح وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے لئے خصوصی پوجا کی جائے گی، ساتھ ہی بزنس بورڈ نے حلف کے بعد مٹھائی تقسیم کرنے کا انتظام کیا ہے۔ مسٹر یوگی آدتیہ ناتھ لگاتار دوسری بار اتر پردیش کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ اس سے قبل 1985 میں کانگریس نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا جب 1980 کے بعد ریاست میں کانگریس کی مکمل اکثریت والی حکومت دوبارہ اقتدار میں آئی تھی۔ مسٹر یوگی کے علاوہ کئی دیگر نو منتخب ایم ایل اے وزراء کے طور پر حلف لیں گے۔ یوگی حکومت کے دوسرے دور حکومت میں کئی نئے چہروں کو کابینہ میں جگہ دیے جانے کا امکان ہے، جب کہ کچھ لیڈر جو پہلے دور میں وزیر تھے، انہیں پارٹی تنظیم کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں ریاست کے سابق گورنر رام نائک، بی جے پی کی حلیف اپنا دل (ایس) کی صدر اور مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل اور نشاد پارٹی کے صدر کے علاوہ اہم اپوزیشن سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سرپرست ملائم سنگھ یادو، ایس پی صدر اکھلیش یادو، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی، کانگریس صدر سونیا گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے صدر جینت چودھری اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 11 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور پانچ ریاستوں کے نائب وزرائے اعلیٰ اس تاریخی لمحے کا شاید بننے کے لیے موجود رہیں گے۔ ان میں مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، ہریانہ کے وزیراعلیٰ موہن لال کھٹر، اروناچل پردیش کے وزیراعلیٰ پیما کھانڈو، منی پور کے وزیراعلیٰ ایم برین سنگھ، ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ جے رام ٹھاکر، تریپورہ کے وزیراعلیٰ بپلب کمار دیب، گوا کے وزیر اعلی ڈاکٹر پرمود ساونت، آسام کے وزیر اعلی ہمت بسوا شرما، کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی اور گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بہار کے نائب وزرائے اعلیٰ تارکیشور پرساد اور رینو دیوی کے ساتھ اروناچل پردیش، تریپورہ اور ناگالینڈ کے نائب وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق حلف برداری کے پروگرام میں پوری ریاست سے بی جے پی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ایکانہ اسٹیڈیم کی گنجائش تقریباً 55 ہزار کی افراد کی ہے۔ اس کے علاوہ وی آئی پی اور ایم ایل اے کے بیٹھنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔