ترنمول لیڈر کے قتل کے بعدتشدد،10 ہلاک
ایک ہی گھر سے 7 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں
کولکتہ: مارچ۔مغربی بنگال کے بیر بھوم کے رام پورہاٹ میں ٹی ایم سی لیڈر کے قتل کے بعد تشدد پھوٹ پڑا۔ یہاں ہجوم نے 10-12 گھروں کے دروازے بند کر کے انہیں آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔بتایا جا رہا ہے کہ رام پورہاٹ کے برشال گرام پنچایت کے نائب سربراہ بھدو شیخ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے یہ واقعہ انجام دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی۔ اتنا ہی نہیں ڈی ایم سمیت بیربھوم کے تمام بڑے افسران بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔کشیدگی کے پیش نظر علاقے میں بڑی تعداد میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق فائر بریگیڈ افسر بیربھوم نے بتایا کہ واقعہ کل رات کا ہے، 10-12 مکانات، جل کر خاکستر ہو گئے، کل 10 افراد کی موت ہو گئی ہے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ایک ہی گھر سے 7 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ سیاسی دشمنی کا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ترنمول کانگریس کے زیر قبضہ برشال گرام پنچایت کے نائب سربراہ بھدو شیخ کو پیر کی شام قتل کر دیا گیا تھا۔ان پر بم سے حملہ کیا گیا۔ بھدو شیخ کی موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔قتل سے مشتعل ہو کر ان کے حامیوں نے جلد ہی حملہ کے ملزمان کے گھروں کو آگ لگا دی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے کئی لاشیں برآمد کی ہیں۔تاہم اس واقعہ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر کشیدگی کا ماحول ہے۔ ضلع کے سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔ کشیدگی کے پیش نظر علاقے میں بڑی تعداد میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔