اردو سیکھنے سے متعلق سوال پر اسٹیو اسمتھ نے کیا کہا؟

لاہور،مارچ۔آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل مڈل آرڈر بیٹر اسٹیو اسمتھ نے کراچی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں بابر اعظم کی اننگز کو غیر معمولی اننگز قرار دیا ہے۔لاہور میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے اپنی اننگز کے دوران کئی ریکارڈز قائم کیے، وہ دنیا کے 5 بہترین بیٹرز میں شامل ہیں، ہمارے اسپنرز کے خلاف بابر بہت اچھا کھیلے، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق بھی چوتھی اننگز میں عمدہ کھیلے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے چوتھی اننگز میں 172 اوورز کھیل کر شاندار بیٹنگ کی، کراچی ٹیسٹ میں ہم جیت کے بہت قریب پہنچ گئے تھے لیکن ہم نے کئی چانس مس کیے، آخری ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔اپنی بیٹنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ میں نے ان پچز پر لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش کی لیکن 70 کے ارد گرد اسکور کر سکا، سخت محنت کے بعد جب میں آؤٹ ہوتا رہا تو یقینی طور پر مجھے بہت مایوسی ہوئی، امید ہے کہ لاہور ٹیسٹ میں لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں گا۔آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ اب تک سیریز بہت اچھی جا رہی ہے، دونوں ٹیمیں شاندار اسپرٹ کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی لاہور کی پچ نہیں دیکھی لیکن باؤنسی پچ کی توقع نہیں کر رہا، مجھے لگتا ہے کہ لاہور کی وکٹ بھی پہلے دو ٹیسٹ میچز سے ملتی جلتی ہو گی۔ایک سوال کے جواب میں آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ ہم ٹیسٹ میچز چیلنجنگ کنڈیشنز میں کھیلنا پسند کرتے ہیں، ہمیں پاکستان آکر مختلف پچز پر کھیلنا اچھا لگ رہا ہے۔پاکستان آکر اردو سیکھنے سے متعلق سوال پر اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ ابھی تک میں نے اردو الفاظ نہیں سیکھے لیکن ’بریانی‘ ہمارے کمروں میں آئی ہے۔

Related Articles