گاندھی خاندان ہی پانچوں ریاستوں میں کانگریس کی شکست کا ذمہ دار: امریندر

چندی گڑھ ، مارچ۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور پنجاب لوک کانگریس کے صدر کیپٹن امریندر سنگھ نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی ہار کے لیے پوری طرح گاندھی خاندان کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ کیپٹن سنگھ نے یہاں کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں اپنی غلطیوں کو عاجزی سے تسلیم کرنے کے بجائے پنجاب انتخابات میں بری طرح ہار کے لئے ان پر ہی الزام عائد کئے جا رہے ہیں ۔ کانگریس نہ صرف پنجاب بلکہ اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں بھی ہاری اور اس کی شرمناک شکست کے لئے پوری طرح گاندھی خاندان ذمہ دار ہے ۔ اب نہ صرف عوام بلکہ پورے ملک کا گاندھی خاندان کی قیادت سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ اس کے باوجود سچائی کو جھٹلایا جا رہا ہے۔ کیپٹن سنگھ نے کہا کہ کانگریس کے کئی سینئر لیڈراس کے لیے ریاستی کانگریس کے اندرونی خلفشاراورریاست ریاستی کانگریس صدر نوجوت سنگھ سدھو کے پارٹی مخالف بیانات کو ریاست میں کانگریس کی شکست کے لیے ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں ۔ سرحدی ریاست میں پارٹی نے اسی دن اپنی قبر کھودنا شروع کر دی تھی جب انتخابات سے چند ماہ قبل نوجوت سدھو اور چرنجیت چنی جیسے کرپٹ لوگوں کو وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بٹھا دیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے لیڈر واضح طور پر بولنے کے بجائے ان پرالزام لگا رہے ہیں کہ امریندر حکومت کے خلاف زبردست حکومت مخالف لہر تھی، جبکہ ان کے دور میں پارٹی نے انتخابات جیتے اور فروری 2021 میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ۔ دراصل کانگریس کے یہ لیڈر گاندھی خاندان کو بچانے کے لیے مجھ پر الزام لگا رہے ہیں، لیکن آنکھیں بند کرنے سے پارٹی کو ہی نقصان ہوگا۔ پارٹی کے مفاد میں فیصلے کرنے کی بجائے مستقبل کے لیے کھائی کھود رہے ہیں۔ یہ لیڈر کانگریس کا بھلا نہیں چاہتے۔ کیپٹن سنگھ نے کہا کہ پنجاب میں کانگریس کی شکست کی اصل وجہ کانگریس ہائی کمان کی ناکامی ہے۔ سدھو جیسے لیڈر نے تو ذاتی مفادات کی خاطر پارٹی کی شبیہ کو داغدار کیا ہے اور شکست کے لئے مجھے مورد الزام ٹھہرایا جا رہا ہے ۔

Related Articles