بڑی اکثریت سے ڈر لگتا ہے لیکن عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے: کیجریوال
نئی دہلی/چنڈی گڑھ۔ مارچ۔پنجاب میں پارٹی کی تاریخی جیت پر ریاست کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ اتنے بڑے مینڈیٹ سے ڈر لگتا ہے لیکن اپنی امیدوں اور امنگوں پر پورا اتریں گے۔پنجاب میں پارٹی کی بڑی جیت پردہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی موجودگی میں مسٹر کیجریوال نے کہا کہ یہ نتیجہ ریاست کی سیاست میں ایک بڑا انقلاب ہے۔ بڑی بڑی کرسیاں ہل گئی ہیں۔ وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی، سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل، کیپٹن امریندر سنگھ اور راجندر کور بھٹل، سکھبیر سنگھ بادل، نوجوت سنگھ سدھو، بکرم سنگھ مجیٹھیا جیسے تجربہ کار لیڈروں کو ریاست کے عوام نے کراری شکست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یں ریاست کےعوام نے کمال کردیا ہے۔ یہ بہت بڑا انقلاب ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ’’ہمیں غرور نہیں کرنا ہے۔ محبت، پیار اور خدمت کی سیاست کرنی ہے۔آپ کے کنوینر نے کہا ’’بھگت سنگھ نے ایک بار کہا تھا کہ اگر آزادی حاصل کرنے کے بعد سسٹم نہیں بدلا اور صرف یہی سوچ کر رہ گئے کہ ہم نے انگریزوں کو ملک سے نکال دیا ہے، تو کچھ نہیں ہونے والا‘‘۔انہوں نے بڑی جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں انگریزوں کے دور کا سسٹم ہی بنائے رکھا اور خوب لوٹا۔ آپ نے اس سسٹم کو بدل دیا ہے اور ایماندارانہ سیاست شروع کی ہے۔ دہلی میں اچھے اسکول بنائے جا رہے ہیں تاکہ امیر اور غریب کے لیے یکساں تعلیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ پنجاب میں میڈیکل اسکول اور ڈگری کالج بنائے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو اچھی تعلیم کے لیے یوکرین نہ جانا پڑے۔ ایسا ڈھانچہ بنایا جائے گا کہ باہر سے بچے یہاں پڑھنے آئیں۔لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اتنا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے بڑی جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تمام طاقتیں مل کر آج ملک کو ترقی سے روکنا چاہتی ہیں۔ پنجاب میں بھی کتنی سازشیں رچی گئیں؟ آپ کو ہرانے کے لیے تمام جماعتیں اکٹھی ہو گئیں۔ آخر میں سب کہنے لگے کہ کیجریوال دہشت گرد ہے۔ آج ان انتخابی نتائج سے ملک کے عوام نے بتا دیا ہے کہ کیجریوال دہشت گرد نہیں بلکہ ملک کے سچے فرزند اور محب وطن ہیں۔ انتخابی نتائج کے ذریعے ملک کو مبینہ طور پر لوٹنے والی ان جماعتوں کو عوام نے ان کی جگہ دکھا دی ہے۔مسٹر کیجریوال نے کہا ’’ہم سب مل کر ایک نیا ہندوستان بنائیں گے، جہاں انسان دوسرے سے پیار کرے گا اور نفرت نہیں ہوگی۔ اب وقت آگیا ہے کہ پہلے دہلی اور اب پنجاب اور اس کے بعد پورے ملک میں انقلاب آئے گا۔ ایسی تبدیلی لانے کے لیے اب سبھی لوگ اب آپ میں شامل ہوکر اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھگونت مان پنجاب کے وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں اور وہ انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔