دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ آل راؤنڈر بنے جڈیجہ
دبئی، مارچ۔ اسٹار ہندوستانی آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے سری لنکا کے خلاف موہالی میں حال ہی میں ختم ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے بعد بدھ کو جاری آئی سی سی مرد کے ٹیسٹ آل راؤنڈرس رینکنگ میں دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔ جڈیجہ نےدو پوائنٹس ہم وطن روی چندرن اشون اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 406 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کیا ہے۔ ہولڈر 382 اور اشون 347 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جڈیجہ نے موہالی ٹیسٹ میں بلے سے 175 رن کی زبردست اننگ کھیلی اور گیند سے کل نو وکٹ (پہلی اننگ میں پانچ، دوسری اننگ میں چار) حاصل کیے۔ ان کی اہم شراکت داری کی وجہ سے ہندوستان نے سری لنکا کو یک طرفہ انداز میں اننگ اور 222 رن سے شکست دی تھی۔ وہیں ہندوستان کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے بھی رینکنگ میں فائدہ اٹھایا ہے اور وہ ہم وطن اور ہندوستانی کپتان روہت شرما اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ بلے بازی کی رینکنگ میں پھر سے سرفہرست پانچ میں آگئے ہیں۔ کوہلی 763 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دو مقام آگے بڑھ کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ روہت 761 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور ہیڈ 753 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔ علاوہ ازیں سری لنکا کے خلاف ایک دھماکہ خیز 96 رن کی دھماکہ خیز اننگ نے وکٹ کیپر رشبھ پنت کو آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر سے اوپر ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں مدد کی ہے۔ پنت 723 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک مقام اوپر پہنچ کر 10 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ وارنر 720 پوائنٹس کے ساتھ 11 ویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔ دریں اثناء آسٹریلیا کے مارنس لابوشین پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 90 رن کی اننگ کی بدولت 936 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بیٹنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ مردوں کی گیندبازی رینکنگ میں صرف ایک تبدیلی ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے تجربہ کار تیز گیند باز نیل ویگنر جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے میچ میں چھ وکٹ لینے کے بعد ایک پوائنٹ ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ آٹھویں سے نویں نمبر پرکھسک گئے ہیں۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنس بدستور سرفہرست ہیں اور تجربہ کار ہندوستانی اسپنر اشون دوسرے نمبر پر ہیں۔